اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک بھر میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے چیئرمین سینیٹ کو صوبہ بلوچستان میں سیلاب اور اس کے بعد کی صورتحال سے متعلق آگاہ کیا۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ حالیہ سیلابی صورت حال کی ملکی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ اسطرح کے سیلاب اور بارشوں سے کوئی بھی حکومت اکیلے مقابلہ نہیں کر سکتی۔سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کے کاموں کیلئے ایوان بالاء اپنا بھر پورکردار ادا کرے گا اورپوری قوم کو مل کر سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے آگے آنا ہوگا۔محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ سیلاب زدگان کی مدد کیلئے بلوچستان کی صوبائی حکومت کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔قدرتی آفت، سیلاب کی صورت میں ملک بالخصوص سندھ اور بلوچستان کو غیر معمولی صورتحال کا سامنا ہے اوراْمید ہے کہ اس مشکل صورتحال سے جلد نکل جائیں گے۔ چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت کے علاوہ انفرادی طور پر ہر شخص اور فلاحی تنظیموں کو بھی امداد اور بحالی کے کاموں میں حصہ لینا چاہیے۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبہ بلوچستان کی حکومت سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کیلئے ہرممکن کوشش جاری رکھے ہوئے ہے اورانشاء اللہ جلد اس مشکل صورتحال پر قابو پالیں گے۔
چیئرمین سینیٹ سے وزیراعلیٰ بلوچستان کی پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات،بلوچستان میں سیلاب کی صورتحال پر تبادلہ خیال

ٹیگز:
چیئرمین سینیٹ
