کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)سندھ اور بلوچستان میں بارشوں سیلاب سے پیدا ہونے والی صورت حال امداد کی عدم فراہمی کے باعث مزید ابتر ہوگئی ہے۔حالیہ مون سون سیزن نے سندھ ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں جہاں بارشوں کے کئی ریکارڈ توڑ دیئے ہیں وہیں لاکھوں لوگوں کی زندگیاں مزید دشوار ہوگئی ہے۔
رواں ہفتے آنے والا مون سون بارشوں سندھ کے کئی اضلاع میں تباہی لایا ہے۔ حیدر آباد، دادوم لاڑکانہ خیر پور، جیکب آباد اور سکھر کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں کے بعد ہر طرف پانی ہی پانی ہے۔صوبے بھر میں پیش آنے والے مختلف حادثات میں خواتین اور بچی سمیت 16 افراد جاں بحق ہوگئے۔
جیکب آباد میں تین روز کے دوران 3 خواتین اور بچوں سمیت 7 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ اس کے علاوہ خیرپور میں چھت گرنے سے خاتون اور بچی سمیت پانچ افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔خیر پور، جیکب آباد، مٹیاری اور بھٹ شاہ میں طوفانی بارشوں اور سیلابی صورت حال سے 500 سے زائد دیہات زیر آب اور ہزاروں ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئی ہیں۔

