کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) کے ترجمان نے کہا ہے کہ ضلع پنجگوراورگردو نواح میں شدید طوفانی ہواو ؤں اور بارش سے 132kvٹرانسمیشن لائن کے گر ے ہوئے 6ٹاورزکی مرمت وبحالی کاکام مکمل کرلیاگیاہے جس کے بعد ہفتہ کی شام6بجے پنجگورگرڈاسٹیشن کو بجلی کی فراہمی بحال کردی گئی ہے۔ترجمان نے کہاکہ سخت گرمی کے باوجود کیسکو کے شعبہ گرڈ سسٹم آپریشن (جی ایس او)اور گرڈ سسٹم کنسٹرکشن (جی ایس سی) اسٹاف نے متاثرہ گرے ہوئے ٹاوروں کی تنصیب و بحالی کا کام مکمل کردیا اور اب پنجگور گرڈ اسٹیشن سے منسلک تمام فیڈروں کو معمول کے مطابق بجلی کی فراہمی جاری ہے۔واضح رہے کہ منگل 14جون کے روز مکران کے ضلع پنجگوراورگردو نواح میں شدید طوفانی ہواؤں اور بارش کی وجہ سے ہوشاب اورپنجگور کے درمیان 132kvٹرانسمیشن لائن کے 6 ٹاورگر گئے تھے جس کے باعث پنجگورگرڈ اسٹیشن کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی تھی اور ہفتے کے روز کیسکواسٹاف نے بحالی کاکام مکمل کرکے بجلی کی فراہمی مکمل طورپر بحال کردی۔ تاہم کیسکونے اس دوران ٹاوروں کے گرنے کی وجہ سے بجلی کی فراہمی میں تعطل پر پنجگور کے تمام صارفین سے معذرت کی ہے۔
پنجگورمیں گرے ہوئے ٹاوروں کی تنصیب کا کام مکمل، پنجگورگرڈاسٹیشن کو بجلی کی فراہمی بحال

ٹیگز:
پنجگور
