کراچی(ڈیلی گرین گوادر)نجی ٹیلی ویژن چینل ‘ آج ‘ نیوز کے لیے کام کرنے والے صحافی کو کراچی میں ان کی رہائش گاہ کے قریب سے نامعلوم افراد اٹھا کر لے گئے۔
ویسٹ زون پولیس کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ناصر آفتاب نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ ‘ آج ‘ ٹی وی سے وابستہ صحافی نفیس نعیم کو سادہ لباس میں ملبوس افراد کراچی کے علاقے ناظم آباد میں واقع ان کی رہائش گاہ کے قریب سے اٹھا کر لے گئے۔صحافی نعیم نفیس نجی ٹی وی چینل میں اسائنمنٹ ایڈیٹر کے طور پر کام کرتے ہیں۔
ڈی آئی جی ناصر آفتاب نے مزید بتایا کہ واقعے کے بارے میں جاننے کے بعد پولیس نے فوری طور پر نعیم نفیس کے اہل خانہ سے رابطہ کیا جب کہ ناظم آباد پولیس اسٹیشن کے اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) بھی صحافی کے گھر گئے۔ڈی آئی جی ناصر آفتاب کا کہنا تھا کہ پولیس نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی ہے جس میں ویگو گاڑی میں سوار سادہ لباس افراد کو صحافی کے پاس آتے اور اسے اٹھاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
پولیس افسر نے مزدی بتایا کہ انہوں نے صحافی کی اہلیہ سے بات کی، صحافی کی اہلیہ نے بتایا کہ ان کے شوہر تقریباً دن 3 بج کر 50 منٹ کے قریب سامان لینے گھر سے نکلے تھے اور اس کے بعد سے واپس نہیں آئے۔ڈی آئی جی ویسٹ نے مزید کہا کہ پولیس نے اہل خانہ سے کہا ہے کہ اگر وہ چاہیں تو فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کرا سکتے ہیں۔
ڈی آئی جی ناصر آفتاب نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ صحافی نعیم نفیس کو ان کے دائرہ اختیار میں موجود کسی تھانے نے حراست میں نہیں لیا۔دوسری جانب، آج ٹی وی چینل کی انتظامیہ نے ایک بیان میں کہا کہ نعیم نفیس کو سادہ لباس میں ملبوس افراد ناظم آباد میں ان کے گھر کے باہر سے اٹھا کر لے گئے۔
چینل انتظامیہ نے ‘اغوا’ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اگر نعیم نفیس کسی بھی معاملے میں مطلوب تھے تو ان کی گرفتاری کے لیے قانونی کارروائی کی جانی چاہیے تھی۔چینل انتظامیہ نے وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ وہ واقعے کا نوٹس لیں اور صحافی کی بازیابی کو یقینی بنائیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کسی بھی ادارے کو یہ حق نہیں دیا جا سکتا کہ وہ کسی بھی شہری کو بغیر کسی الزام، ایف آئی آر یا شکایت کے اٹھا کر لے جائے جب کہ اس طرح کا واقعہ حکومت کے لیے شرمناک ہے۔نیوز چینل نتظامیہ نے بتایا کہ نعیم نفیس گزشتہ 10 سال سے آج ٹی وی سے منسلک ہیں۔

