روالپنڈی(ڈیلی گرین گوادر)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی اہم ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور جیو پولیٹکل صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
عباس عراقچی گزشتہ روز ہی اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچے تھے۔ اجلاس سے خطاب میں انہوں نے خطے کے ممالک کے مابین توانائی، سکیورٹی، تجارت، اور نقل و حمل کے شعبوں میں تعاون اور ’تعمیری تعلقات‘ کے ساتھ ساتھ مکالمے، باہمی احترام اور عدم جارحیت کے اصولوں کی بنیاد پر علاقائی سلامتی کا نظام قائم کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ ملاقات گزشتہ روز راولپنڈی میں ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتِ حال اور بدلتی ہوئی جغرافیائی و سیاسی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اعلامیے کے مطابق ملاقات میں مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تعاون کے نئے راستوں پر بھی بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل نے علاقائی امن و استحکام کیلئے دونوں ممالک کے درمیان ’مسلسل رابطہ کاری‘ کی اہمیت پر زوردیا جبکہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں ’پاکستان کے تعمیری کردار کی تعریف‘ کی۔آئی آیس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران ایرانی وزیر خارجہ نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہارکیا۔
عباس عراقچی کی پاکستان آمد ایسے موقع پر ہوئی ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان عسکری کشیدگی دوبارہ سر اٹھا رہی ہے۔ دونوں ممالک کی جانب سے ایک دوسرے پر محدود پیمانے پر حملے بھی کیے گئے ہیں جبکہ پاکستان ثالثی کا کردار نبھاتے ہوئے پائیدار امن کے قیام کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
پاکستان ہی کی کوششوں سے دونوں ممالک نے جون میں عارضی جنگ بندی کرتے ہوئے ’اسلام آباد مفاہمتی یادداشت‘ پر دستخط کیے تھے جس کا مقصد کشیدگی اور مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازع کے خاتمے اور امن کے قیام کے لیے فریم ورک طے کرنا تھا۔فیلڈ مارشل منیر سے ملاقات سے قبل عباس عراقچی نے نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کے ساتھ دو طرفہ مذاکرات کیے، جن میں علاقائی پیش رفت اور سفارتی روابط پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے مذاکرات اور کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور امید ظاہر کی کہ سفارتی کوششیں ایران اور امریکہ کے درمیان تنازع کو حل کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔ایرانی وزیرِ خارجہ نے ای سی او اجلاس میں شریک دیگر اعلیٰ سطحی وفود کے ہمراہ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے بھی ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران، وزیرِ اعظم شہباز نے پڑوسی ممالک کے مابین علاقائی تعاون کو مضبوط بنانے اور تجارتی، اقتصادی اور ٹرانزٹ شراکت داری کو وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیا۔عراقچی نے نقل و حمل، تجارت اور علاقائی رابطوں کے شعبوں میں تعاون کے مواقع اجاگر کیے اور گہرے اقتصادی انضمام کے لیے کی جانے والی کوششوں کے لیے ایران کی حمایت کا اظہار کیا۔
قبل ازیں عباس عراقچی کی وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے بھی ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعاون بڑھانے اور پاک ایران تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں خطے کی تازہ ترین صورتحال اور علاقائی امن واستحکام کے لیے مشترکہ اقدامات پر بھی بات چیت ہوئی۔ایرانی وزیر خارجہ نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں۔
اس موقع پروفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان فریقین کے درمیان تنازعہ کے حل کیلئے سفارتی محاذ پر مخلصانہ کاوشیں جاری رکھے گا۔بعدازاںانہوں نے ائیرپورٹ پر ایرانی وزیر خارجہ کو الوداع کیا۔ ایرانی سفیر رضا امیری مقدم اور دیگر متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

