قلات (ڈیلی گرین گوادر)قلات کے نواحی علاقے گرانی کے قریب واقع ٹول پلازہ کے مقام سے ایک 35 سالہ نوجوان کی لاش برآمد ہوئی ہے، جس کی شناخت میر خان ولد محمد عیسی سکنہ نیمرغ کے نام سے ہوئی ہے۔ صدر پولیس کے مطابق ٹول پلازہ کے پاس جھاڑیوں سے ملنے والی یہ لاش تقریبا دو روز پرانی معلوم ہوتی ہے، جسے فوری طور پر ضابطے کی کارروائی اور شناخت کے لیے قلات ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ہسپتال میں متوفی کے لواحقین نے اس کی شناخت نیمرغ نوکجو کے رہائشی میر خان قوم ساسولی کے طور پر کی ہے۔پولیس حکام اور ورثا کے ابتدائی بیانات کے مطابق متوفی نشے کا عادی تھا اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ موت نشے کی زیادتی یا طبعی وجوہات کی بنا پر ہوئی ہے۔ ہسپتال میں ضروری قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم مکمل کرنے کے بعد لاش کو آخری رسومات کے لیے ورثا کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے واقعے کا روزنامچہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے تاکہ موت کی حتمی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔
قلات،گرانی ٹول پلازہ کے قریب سے نوجوان کی لاش برآمد، نشے کا عادی بتایا جاتا ہے

ٹیگز:
قلات
