کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)اراکین بلو چستان اسمبلی نے قلعہ سیف اللہ کے علاقے اخترزئی کے مقام پر پیش آنے والے ٹریفک حادثے میں 22افراد کی شہادت پرافسوس کا اظہار کر تے ہوئے کہا کہ جب تک شاہراہوں کی معیاری تعمیرکو یقینی نہیں بنایا جاتا بلوچستان کے لوگ لاشیں اٹھاتے رہیں گے انہوں نے تجویز دی کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں شاہراہوں کی تعمیر پر خصوصی توجہ دی جائے۔ جمعرات کو بلوچستان اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی سپیکر سردار بابرخان موسیٰ خیل کی زیر صدارت دو گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا۔ اجلاس میں پشتونخوا میپ کے رکن نصراللہ زیرئے نے قلعہ سیف اللہ کے علاقے اخترزئی کے مقام پر پیش آنے والے ٹریفک حادثے میں 22افراد کی شہادت پرفاتحہ خوانی کی استدعا کی جس پر ایوان میں فاتحہ خوانی کی گئی۔ بعدازاں جے یوآئی کے سید عزیز اللہ آغا نے پیش آنے والے حادثے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس حادثے میں 22افراد جاں بحق ہوئے صوبے کی شاہراہوں آئے روز ٹریفک حادثات پیش آتے ہیں جس کی بنیادی وجہ ان شاہراہوں کی خستہ حالی ہے انہوں نے کہا کہ جب تک شاہراہوں کی معیاری تعمیرکو یقینی نہیں بنایا جاتا بلوچستان کے لوگ لاشیں اٹھاتے رہیں گے انہوں نے تجویز دی کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں شاہراہوں کی تعمیر پر خصوصی توجہ دی جائے ڈپٹی سپیکر سردار بابرخان موسیٰ خیل نے کہا کہ ٹریفک حادثات کی وجہ شاہراہوں کی خستہ حالی کے ساتھ ساتھ ڈرائیورحضرات کی غفلت بھی ہے یہ آنکھیں کھول کر نہیں چلتے جس کی وجہ سے حادثات پیش آتے ہیں انہوں نے کہا کہ چمن کوئٹہ کراچی اور کچلاک ڑوب اور موسیٰ خیل شاہراہوں پرکام جاری ہے آنے والے صوبائی اور وفاقی بجٹ میں بھی امید ہے کہ شاہراہوں کی تعمیر پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات سردار عبدالرحمان کھیتران نے کہا کہ موجودہ حکومت میں کوئٹہ ڑوب موسیٰ خیل شاہراہوں پر تیزی سے کام جاری ہے ٹریفک حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ ڈرائیور حضرات موبائل فون کا بے دریغ استعمال کرتے ہیں دوران ڈرائیونگ ڈرائیور حضرات موبائل کا استعمال کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ موٹروے پولیس دوران ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال پر پابندی کرکے اس پر عملدرآمد کو یقینی بنائے۔اجلاس میں جے یوآئی کے میر یونس عزیز زہری نے پوائنٹ آف آرڈر پر اظہارخیال کرتے ہوئے 2021-22ء کے بجٹ میں خضدار کی منظور شدہ واٹر سپلائی سکیمات کے لئے سولر پینل اور دیگر مشینری فراہم نہیں کی گئی جس کی وجہ سے تمام واٹر سپلائی سکیمز غیر فعال ہیں انہوں نے انکشاف کیا کہ96کے قریب واٹر سپلائی سکیمز ایسی ہیں جن کاکوئی اتہ پتہ ہی نہیں محکمہ پی ایچ ای اس کی تحقیقات کرائے 32کروڑ روپے ٹھیکیدار کو ایڈوانس میں ادائیگیاں کی گئی ہیں انہوں نے ڈپٹی سپیکر سے استدعا کی کہ وہ اس ضمن میں رولنگ دیں اور پوچھا جائے کہ یہ پیسے کہاں لگے ہیں۔ وزیر پی ایچ ای لالا رشید بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کے دیگر چار سے پانچ اضلاع سے بھی اس قسم کی شکایات سامنے آئی ہیں جس پر محکمانہ تحقیقات کی جارہی ہیں۔بی این پی کے رکن ثناء بلوچ نے پوائنٹ آف آرڈر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے د س سے بارہ برسوں کے دوران این ایف سی ایوارڈ کے تحت صوبے کو اس کا پورا حصہ نہیں ملاانسانی ترقی کی شرح میں ہم سے صومالیہ بھی آگے نکل گیا ہے انہوں نے اگلے مالی سال کے بجٹ سے متعلق تجاویز دیتے ہوئے کہا کہ صوبے کے تمام محکموں کے فنڈز اضلاع کی ترجیحات او رضروریات کے پیش نظررکھے جائیں اضلاع میں کمیونٹی واٹر سپلائی سکیمات کو پی ایچ ای کے حوالے کیا جائے معذوروں کے لئے سوشل سپورٹ پروگرام کے تحت بجٹ میں رقم مختص کی جائے۔ یونین کونسل کی سطح پر پولی ٹیکنیک کالجز کا قیام عمل میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ سے قبل پری بجٹ سیشن کا انعقاد ہونا چاہئے تاکہ اراکین اسمبلی بجٹ کے حوالے سے اپنی تجاویز دے سکیں۔بی این پی کے رکن ٹائٹس جانسن نے کہا کہ میں نے2019-20کے بجٹ میں کرسچین ٹاؤن سمنگلی روڈ کے لئے ٹیوب ویل منظور کرائے تھے مگر تاحال ان ٹیوب ویلوں کو فعال نہیں کیا جاسکا ہمارے ترقیاتی منصوبوں کونظر اندازکیا جاتا رہا ہے انہوں نے کہا کہ کرکرسچین خواتین کے ساتھ ہتک آمیز سلوک کیا گیا ہے جس کے خلاف میں احتجاجاً سپیکر ڈائس کے سامنے بیٹھ رہا ہوں جس کے بعد وہ جا کر سپیکر ڈائس کے سامنے بیٹھ گئے اور اپنااحتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے وہاں سے اٹھ کر ایوان سے احتجاجاً واک آؤٹ کرگئے۔اجلاس میں جے یوآئی کے میر زابد ریکی نے استدعا کی کہ وہ ماشکیل زیرو پوائنٹ کی بندش سے متعلق کلکٹر کسٹم کو اسمبلی طلب کرکے ان سے بریفنگ لیں کہ زیر وپوائنٹ کیوں بند رکھا گیا ہے جس پر ڈپٹی سپیکر نے ڈپٹی سپیکر نے کلکٹر کسٹم بلوچستان اور چیمبر آف کامرس کے سربراہ کو اسمبلی میں طلب کرنے کی رولنگ دی۔اس موقع پر اپوزیشن اراکین کے اٹھائے گئے سوالات کے جواب دیتے ہوئے صوبائی وزیر سردار عبدالرحمان کھیتران نے کہا کہ بلوچستان حکومت بجٹ پیش کرنے سے قبل پری بجٹ اجلاس طلب کرے گی۔ انہوں نے ثناء بلوچ کی یونین کونسل کی سطح پر پولی ٹیکنک کالجز کے قیام کی تجویز کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اس تجویز پر ہم وزیراعلیٰ سے بات کریں گے انہوں نے کہا کہ بجٹ میں بی ایچ یوز کی منصفانہ تقسیم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی کابینہ نے گزشتہ روز کوئٹہ میں 171ٹیوب ویلز کو واساکے حوالے کرنے کی باضابطہ منظوری دی ہے۔انہوں نے اراکین اسمبلی کو یقین دہانی کرائی کہ صوبائی حکومت محدود وسائل میں رہتے ہوئے تمام اراکین کو مطمئن کرے گی۔
جب تک شاہراہوں کی معیاری تعمیرکو یقینی نہیں بنایا جاتا بلوچستان کے لوگ لاشیں اٹھاتے رہیں گے،اراکین بلو چستان اسمبلی

ٹیگز:
اراکین بلو چستان اسمبلی
