کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان عوامی پارٹی کے سینئر نائب صدر اور سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا ہے کہ خاران کے عوام محب وطن ہیں انہیں آنے والے بجٹ میں نظر انداز کرنا کسی بھی طرح درست عمل نہیں وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو ایماندار اور محب وطن ہیں امید ہے کہ وہ نئی صوبائی پی ایس ڈی پی میں خاران احمد وال کوئٹہ روڈ، بی آر سی کالج خاران اور نیمک پاس روڈ کو شامل کریں گے کیونکہ یہ خاران کے عوام کی اجتماعی اسکیمات ہیں۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں خاران کے ایک نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہاکہ خاران احمد وال کوئٹہ روڈ جو کہ مکران ڈویڑن اور خضدار کو ملاتا ہے، ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے 95کلومیٹر اس روڈ سے خاران کے زمیندار اپنی گندم، کپاس، پیاز اور زیرہ کی فصلیں مارکیٹ تک لے جاتے ہیں، روڈ کی حالت انتہائی ناگفتہ بہ ہے جس سے زمیندار طبقے کو اپنا مال مارکیٹ تک پہنچانے میں سخت دشواری اور مشکلات کا سامنا ہے یہ روڈ 1996میں شیخ خلیفہ زید بن النہیان نے آدھا بنایا تھا اور آدھا ہم نے اپنے فنڈز سے تعمیر کیا تھا لیکن اب یہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، اسی طرح خاران میں شیخ میرے اور اپنی مدد آپ کے تحت تقریباً 12ہزار بور لگے ہیں اللہ کے فضل سے خاران پنجاب کی طرح ہے اگر اس روڈ کو مرمت کردیا جائے تو زمیندار طبقہ اپنا مال بآسانی مارکیٹ تک پہنچا سکے گا اور ملکی معیشت میں اپنا کلیدی کردا رادا کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ نیمک پاس روڈ دالبندین تک رسائی کے لئے شارٹ کٹ ہے لیکن نامکمل ہے اسی طرح بی آر سی کالج خاران میں نامکمل ہے۔ میری وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو سے گزارش ہے کہ نئی پی ایس ڈی پی میں ان تین پراجیکٹس کو شامل کریں تاکہ خاران کے عوام کی مشکلات دور ہوں انہوں نے مزید کہاکہ خاران کی اپنی تاریخ ہے یہ وہ ضلع ہے جو 1947ء میں پاکستان میں شامل ہوا۔ یہاں کے عوام نے پاکستان کے لئے بہت قربانیاں دی ہیں یہ محب وطن لوگ ہیں۔ امید ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو جو ایماندار اور محب وطن ہیں خاران کو نظر انداز نہیں کریں گے ان سے یہاں کے عوام کو بہت توقعات ہیں۔ انہوں نے چیئرمین سینیٹ میر صادق سنجرانی اور باپ پارٹی کے سیکرٹری جنرل منظور کاکڑ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے ہمیشہ رخشان ڈویڑن کو اہمیت دی ہے پارٹی کے لحاظ سے ہم بے سہارا ہیں امید ہے کہ پارٹی کے عہدیداران اور پارلیمنٹیرینز بھی خاران اور یہاں کے محب وطن عوام کا خیال رکھیں گے۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور منظور کاکڑ کی توجہ کے باعث خاران میں پارٹی کو حالیہ بلدیاتی انتخابات میں جو عوامی پذیرائی ملی ہے وہ حوصلہ افزاء ہے خاران کے عوام کی پارٹی کے پارلیمنٹیرینز کی جانب سے مزید حوصلہ افزائی ہوئی تو ہم آئندہ انتخابات میں سیاسی مخالفین کی ضمانتیں ضبط کردیں گے
خاران کے عوام محب وطن ہیں انہیں آنے والے بجٹ میں نظرانداز کرنا درست عمل نہیں، عبدالکریم نوشیروانی

ٹیگز:
عبدالکریم نوشیروانی
