کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پاک فوج دنیا کی بہترین فوج ہے جس کا اعتراف اقوام متحدہ سمیت ساری دنیا کرتی ہے۔ان خیالات کا اظہار سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے اقوام متحدہ کے یوم امن کے حوالے سے اپنے ایک اخباری بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی کے لئے پاک فوج نے ہمیشہ پیشہ ورانہ فنی و جری صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمنوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملائے ہیں۔اپنی سرحدوں کی حفاظت اور اندرونی و بیرونی سازشوں کو ناکام بنانے کے ساتھ ساتھ عالمی امن کے قیام میں بھی پاک افواج نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے جھنڈے تلے امن مشنز کے ذریعے دنیا میں مختلف ممالک میں قیام امن کے لئے پاک فوج نے ہراول دستے کا کردار ادا کیا اور پاک فوج کے جوانوں نے خون کانذرانہ دے کر پاک فوج کا نام روشن کیا ہے۔پاکستان عالمی امن کیلئے سب سے زیادہ فوج تعینات کرنے والے ممالک میں شامل ہے جو پاک فوج اور پوری پاکستانی قوم کے لئے ایک اعزاز کی بات ہے۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ اقوام متحدہ کے امن مشن کے ساتھ پاکستان کا سفر 1960ء میں کانگو میں اقوام متحدہ کی کارروائیوں میں اپنا پہلا دستہ تعینات کرنے سے شروع ہواور یہ سفر آج تک کامیابی سے جاری ہے۔ گزشتہ 6 دہائیوں میں پاکستان قیام امن کیلئے سب سے نمایاں اور مسلسل تعاون کرنے والا ملک رہاہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے تحت دنیا میں قیام امن کے لئے جہاں جہاں فوج کی ضرورت پڑی پاکستانی افواج نے اپنی پیشہ ورانہ خدمات انجام دی ہیں۔اقوام متحدہ کے امن مشنز میں بہت سے چیلنجنگ مشن بھی تھے جنہیں پاک فوج نے بخوبی نبھایا ہے اور اب تک دنیا بھر میں اقوام متحدہ کے مختلف مشنز میں پاکستان نے 2 لاکھ سے زائد فوجیوں کی خدمات پیش کیں اور ان مشنز کے دوران پاکستانی امن دستوں کے تقریباً 170اہلکار فروغ امن کیلئے خدمات انجام دیتے ہوئے شہید ہوئے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں پاکستان سمیت دنیا بھر میں اقوام متحدہ کا یوم امن بھرپور انداز میں منایا گیا۔ اس سلسلے میں دنیا بھر میں تقریبات منعقد کی گئیں جن میں عالمی امن کے لئے پاکستانی فوج کے کردار کو بے حد سراہا گیا اور پاکستانی افواج کو خراج تحسین پیش کیا گیاجو ایک اعزاز ہے۔ پاکستانی امن مشنز انسانیت کی مدد، خدمت، فروغ امن اور استحکام کیلئے پیش پیش رہے ہیں اور اقوام متحدہ کے موجودہ سیکرٹری جنرل سمیت دنیا بھر نے دنیا میں قیام امن کے لئے پاکستان کے کردار کو سراہا ہے۔، موجودہ سیکرٹری جنرل انتونیو گٹریز نے بھی پاکستان کے دورہ کے دوران پاکستان کی امن کے لئے کی گئی کوششوں کو سراہااور خراج تحسین پیش کیا۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ پاکستان کے امن دستوں کی بہادری، غیر متنازعہ اور پیشہ ورانہ حیثیت کو ہر سطح پر تسلیم کیا گیاہے اور یہ بات پوری پاکستانی قوم کے لئے فخر کی بات ہے۔
عالمی امن میں پاک فوج کا اہم کردار ہے،سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری

ٹیگز:
ثمینہ ممتاز زہری
