کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے آواران اور شمالی وزیرستان میں فورسز کے جوانوں کی شہادت پر دلی رنج اور غم و غصہ کا اظہار کیا ہے انہوں نے اپنے مذمتی بیان میں پاک فورسز پر حملوں اور جوانوں کی شہادت پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن عناصر پاکستان خاص کر بلوچستان کی ترقی و خوشحالی نہیں چاہتے اور ملک کو غیر مستحکم کرنے کے درپے ہیں۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ مٹھی بھر بے ضمیر اور مفادپرست عناصرپاکستان کے دشمنوں کے اشاروں پر چل کر وطن خاص کرصوبہ بلوچستان کے حالات خراب کرنے کی کوشش کر رہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں اور جلد ان ناعاقبت اندیشوں کو کیفر کردار تک پہنچا دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس قسم کی کارروائیاں دشمنوں کے مذموم مقاصد میں ناکامی کا ردعمل ہے جس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرحد پار سے دہشت گردی کی مسلسل کارروائیاں ہو رہی ہیں جن میں قیمتی جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔ شر پسند عناصر کے پیچھے ہمارا ازلی دشمن بھارت ہے جو اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لئے امن دشمن کارروائیوں میں ملوث ہے۔یہ امن دشمن کارروائیاں دو برادر ممالک پاکستان اور افغانستان کے درمیان امن و امان کی صورتحال خراب کر سکتی ہیں۔ افغان حکومت کو چاہئے کہ پاکستان کے خلاف ایسی بزدلانہ کارروائیوں کو روکے اور پاکستان کے دشمنوں اور ان کے آلہ کاروں کے خلاف افغانستان میں کارروائی کرے۔ انہوں نے کہا کہ آواران میں نام نہاد دہشت گرد تنظیموں کی جانب سے سیکیورٹی فورسز پر حملے سوچی سمجھی سازش کے تحت کئے گئے جن میں قیمتی جانوں کا نقصان ہوالیکن یہ کارروائیاں پاک افواج اور دیگر سیکیورٹی فورسز کا عزم نہیں ڈگمگا سکتیں۔ پاک افواج نے ہمیشہ ان بزدلانہ کارروائیوں کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے پاکستان کی حفاظت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں خاص کر گوادر اور سی پیک منصوبوں کی کامیابی دشمن کو ہضم نہیں ہو رہی اور وہ دہشت گردانہ کارروائیوں کے ذریعے امن کو تباہ کرنے کے درپے ہے۔ہماری بہادر فوج اور دیگر سیکیورٹی فورسز نے ہمیشہ پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کی چالوں کو ناکام بنایا ہے اور آئندہ بھی پوری قوم کے ساتھ مل کر امن کے خلاف سازشیں ناکام بنائیں گی۔انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کی حفاظت کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے جوان قوم کے ہیرو ہیں جنہوں نے دہشتگردوں کوجہنم واصل کیا اور بھرپور جواب دیتے ہوئے ثابت کیاکہ ملک دشمن عناصر اپنی بزدلانہ حرکتوں کے ذریعہ بہادر قوم اور سیکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ پاکستانی قوم دہشت گردی کے خلاف متحد اور ایک پلیٹ فارم پر ہے اور دہشت گردی کے ایسے بزدلانہ واقعات ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔انہوں نے آواران اور شمالی وزیرستان میں میں شہید ہونے والے جوانوں اور زخمیوں کے لئے دعا کی اللہ تعالیٰ شہداء کو اپنے جوار رحمت میں جگہ اور زخمیوں کو جلد صحتیابی عطا فرمائے۔
ملک دشمن عناصربلوچستان کی ترقی وخوشحالی نہیں چاہتے، ثمینہ ممتاز زہری

ٹیگز:
ثمینہ ممتاز زہری
