کوئٹہ/گوادر (ڈیلی گرین گوادر) وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈوپلمنٹ اسد عمر نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے بلوچستان کی پسماندگی کے خاتمے پر خصوصی توجہ دی ہے، گزشتہ مالی سال کے دوران وفاقی پی ایس ڈی پی سے بلوچستان میں 59ارب روپے کے ترقیاتی کام گراؤنڈ پر ہوئے گوادر میں صحت تعلیم، پانی،بجلی،روزگار کے لئے مجموعی طور پر جائزہ لیا گیا ہے، ایران سے مزید بجلی خریدنے کے لئے معاہدہ کیا جائیگا،3 ہزار 216 گھروں کیلئے سولر یونٹ فراہم کئے جائیں گے، اضافی چیک پوسٹیں ختم کردی گئی ہیں، ماہی گیروں کے مسئلے پر ایکسپریس وے کی وجہ سے متاثرہ علاقوں میں ڈیرہ ارب کی لاگت سے تین پل بنائے جارہے ہیں،ساؤتھ بلوچستان پیکج کے 161میں سے 139منصوبوں کی منظور ی ہوچکی ہے،۔یہ بات انہوں گوادر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی اس موقع پر وفاقی وزیر زبیدہ جلال، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی پیک خالد منصور،چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا بھی موجود تھے، وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ گوادر کی ترقی اور سرمایہ کاری یہاں کے عوام کی زندگی میں بہتری سے مشروط ہے، گوادر کے عوام کی زندگی میں بہتری نہ آئے تو ترقی کا مقصد پورا نہیں ہوتا انہوں نے کہا کہ گوادر میں پانی کی فراہمی کا مسئلہ ہے گوادر میں دو ڈیم سبت اور شادی کوڈ ڈیم مکمل کیے جا چکے ہیں ڈیم سے آنیوالے پانی کی شہر میں ترسیل کا نظام کچھ بہتر نہیں ڈیم سے گوادر شہر میں پانی کی ترسیل کے حوالے پلان کر رہے ہیں مئی کے آخر یا جون تک پانی کے مسئلے میں واضح بہتری آجائیگی انہوں نے کہا کہ بجلی کے مسئلے پر کیسکو سے معاہدہ تقریباً طے پا گیا ہے 2023 کی گرمیوں میں نیشنل گریڈ سے 100 میگا واٹ بجلی گوادر کو دی جائیگی انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر ملک میں بجلی وافر مقدار میں موجود ہے انہوں نے کہا کہ گوادر کے نوجوانوں کیلئے تکنیکی مہارت کی فراہمی کے انتہائی اہم منصوبے پر کام ہوگیا ہے چائنہ کی مدد سے تیکنیکی مہارت فراہم کرنیوالے ادارے مکمل ہوگیا ہے ووکیشنل سینٹر کو فعال کرنے کیلئے اہم فیصلے کیے ہیں وفاق اپنی زمہ داری پوری کرتا ہوا تمام شعبوں میں مکمل تعاون کرے گا انہوں نے کہا کہ چین کی براہ راست مدد سے 3 ہزار 216 گھروں کیلئے سولر یونٹ آرہے ہیں سولر یونٹ جنوری تک پہنچ جائیں گے جن کی انسٹالیشن مارچ تک ہوجائیگی اس بار سولر یونٹ لگنے والے ایک ایک گھر کا نام پتہ مانگا ہے نام پتہ معلوم کرنے کا مقصد گوادر کے حقیقی عوام تک فوائد پہنچانا ہے،انہوں نے مزید کہا کہ ایران سے مزید بجلی خریدنے کے لئے معاہدہ کیا جائیگا اس حوالے سے محکمہ توانائی کی ٹیم چین جا کر مذاکرات کریگی جبکہ مستقل بنیادوں پر بجلی کا مسئلہ حل کرنے کے لئے مکران کو نیشنل گرڈ سے منسلک کریں گے انہوں نے کہا کہ گوادر میں 150بیڈ کا ہسپتال بنانے کا 20فیصد مکمل ہوچکا ہے آئندہ 30دنوں میں ہسپتال کو فعال کرنے کے طریقہ کار کا فیصلہ کیا جائیگا ماہی گیروں کے مسئلے پر ایکسپریس وے کی وجہ سے متاثرہ علاقوں میں ڈیرہ ارب کی لاگت سے تین پل بنائے جارہے ہیں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چیک پوسٹوں کے نظام پر نظر ثانی کر کے کمی کی گئی ہے گوادر کی سیکورٹی ضروریات پوری ہونگی لیکن لوگوں کی تکالیف دور کرنے کے لئے وزیراعظم اور آرمی چیف نے اتفاق کیا ہے کہ عوام کو سیکورٹی کی وجہ سے مشکلات درپیش نہیں ہونی چاہیئں وفاقی وزیراسدعمر نے مزید کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت ماہی گیروں کو سستے قرضے فراہم کئے جائیں گے اس عمل کو تیز کرنے کے لئے متعلقہ حکام کو ہدایات کردی گئی ہیں گوادر یونیورسٹی میں وائس چانسلر تعینات کردئیے گئے ہیں وہاں تعمیراتی کام تیز کرنے کی ہدایت کردی ہے انہوں نے کہا کہ ملک کے جو علاقے پسماندہ رہ گئے اور ترقی کی دوڑ میں پیچھے ہیں انکے لئے بڑے فیصلے کئے گئے ہیں بلوچستان کی تاریخ میں سب سے بڑترقیاتی ا پیکج دیا گیا ہے جس کے تحت 161میں سے 139منصوبوں کی منظور ی ہوچکی ہے جبکہ متعدد پر کام شروع ہوچکا ہے 15ماہ میں اعلان کو حقیقت بنایا ہے انہوں نے کہا کہ گزشتہ مالی سال میں وفاقی حکومت کے پی ایس ڈی پی سے 59ارب روپے کے ترقیاتی کام گراؤنڈ پر ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ بارڈر کراسنگ مقامات میں اضافے پر غور کیا جائیگا جبکہ نظام کو بہتر بنایا جائیگا تین بارڈر مارکیٹوں کے قیام کے لئے فنڈز بھی ریلیز کئے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ گوادر کو بہتر کرنے کے لئے صوبائی حکومت نے منظوری دے دی ہے وفاقی حکومت بھی اس حوالے سے جلد اقدامات اٹھائے گی انہوں نے کہاکہ ماہی گیری کے لائسنس بلوچستان کے مقامی لوگوں کو دئیے جارہے ہیں سندھ سے آنے والے ٹرالر بلوچستان میں آکر ماہی گیری کر رہے ہیں اس حوالے سے سندھ اور بلوچستان حکومتیں بیٹھ سکتی اور اگر حکومتیں چاہیں تو وفاق بھی اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے انہوں نے کہا کہ دھرنے کے وعدے اٹھنے سے پہلے پورے کئے اور باقی وعدے بھی پورے کردئیے جائیں گے۔
وفاقی پی ایس ڈی پی سے59ارب روپے کے ترقیاتی کام گراؤنڈ پر ہوئے، اسد عمر

ٹیگز:
اسد عمر
