کوئٹہ(گرین گوادر نیوز)چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا کی زیر صدارت صوبے میں اہم شاہراؤں پر غیر ضروری چیک پوسٹوں کو ختم کرنے کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں چیف سیکرٹری کی ہدایت پر محکمہ داخلہ کی جانب سے شاہراؤں پر موجود مختلف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی چیک پوسٹوں پر تیار کی گئی رپورٹ کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ ارشد مجید، آئی جی پولیس محمد طاہر رائے، سیکرٹری جنگلات دوستین جمالدینی، کسٹم، 12کور،ایف سی کے نمائندے و دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ کہ اس وقت صوبے میں وفاقی اور صوبائی اداروں کی چیک پوسٹوں کی تعداد 728 ہیں اور ان میں سے100 چیک پوسٹس چیف سیکرٹری کی ہدایت پر پہلے ہی ختم کردی گئی ہیں۔ چیف سیکرٹری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو سیکیورٹی کی فراہمی سمیت دیگر سہولیات کیلئے اقدامات کررہی ہے اور سیکیورٹی اداروں کی بدولت صوبے میں امن قائم ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے اہم شاہراؤں پر سیکیورٹی کے لحاظ سے چیک پوسٹوں کی نشاندہی کی جائے اور بقیہ تمام غیر ضروری چیک پوسٹوں کو ختم کیا جائے گا اور وزیر اعلی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کی بھی ہدایت ہے کہ غیر ضروری چیک پوسٹوں کو ختم کیا جائے اور سیکورٹی ادارے چیکنگ کے تناظر میں ایسا طریقہ کار اپنائیں کہ کسی کی عزت نفس مجروح نہ ہو۔ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ چیک پوسٹوں کیلئے مختلف پوائنٹس کی نشاندہی کی جائیگی اور ہر متعلقہ محکمہ انہی پوائنٹس پر مشترکہ چیک پوسٹ قائم کرنے کا پابند ہوگا۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ چیک پوسٹوں پر بد عنوانی کی روک تھام کیلئے ہر محکمہ کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور اگر کوئی اہلکار بد عنوانی میں ملوث پایا گیا تو ان کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔ اجلاس میں بد عنوانی کی تدارک کیلئے ا حساس اداروں سے رپورٹ طلب کرلی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ اجلاس میں لائحہ عمل طے کیا جائیگا کہ شاہراؤں پر مختلف اداروں کی چیک پوسٹوں کے حوالے سے مشترکہ لائحہ عمل مرتب کریں جس میں عوام کی عزت نفس کا تحفظ یقینی ہو اور عوام کے دل جیتے جاسکیں
صوبائی حکومت عوام کوسیکیورٹی کی فراہمی سمیت دیگرسہولیات کیلئے اقدامات کررہی ہے، مطہر نیازرانا

ٹیگز:
مطہر نیازرانا
