کوئٹہ(گرین گوادر نیوز)گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا ہے کہ عصر حاضر کے تقاضوں کے ساتھ چلنے کیلئے ٹیکنالوجی میں ترقی اور آرٹیفیشل انٹلیجنس سے واقفیت ضروری ہے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت بلوچستان میں انسانی وسائل کو ترقی دینے اور آرٹیفیشل انٹلیجنس کو اپنانے کیلئے مختلف منصوبوں پر عملدرآمد کا عزم رکھتی ہے. بدھ کے روز گورنر ہاوس کوئٹہ میں پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کے چیئرمین شہریار خان آفریدی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے گورنر ہاوس کوئٹہ میں ان سے ملاقات کی. گورنر نے کہا کہ کشمیر پریمیر لیگ کی طرز پر ہم یہاں بلوچستان پریمیر لیگ بنا سکتے ہیں کیونکہ کھیل کے شعبے میں بلوچستان میں نوجوان غیرمعمولی صلاحیتوں کے حامل ہیں تاہم ان کی سرپرستی کی ضرورت ہے. انہوں نے شہریار خان آفریدی کی خدمات کو قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ بلوچستان میں نوجوان کھلاڑیوں کی جدید تربیت اور ضروری سہولتوں کی فراہمی کے لئے وفاقی حکومت بھرپور تعاون کریں گی. شہریار خان آفریدی نے کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان میں نوجوانوں کیلئے آئی ٹی لیب اور انرجی پارک کے حوالے سے نوجوانوں کو تربیت مہیا کرنے کی کوشش کر رہی ہے جس کے نتیجے میں نوجوان گھر بیٹھے کم از کم ایک لاکھ روپے ماہوار کما سکتے ہیں. انہوں نے گورنر بلوچستان کی مزید کامیابی اور سرخروئی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
عصر حاضر کے تقاضوں کے ساتھ چلنے کیلئے ٹیکنالوجی میں ترقی اور آرٹیفیشل انٹلیجنس سے واقفیت ضروری ہے،گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا

ٹیگز:
عصر
