کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) صوبائی وزیر خزانہ زمرک خان اچکزئی کی اسلام آباد میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور وفاقی سیکریٹری خزانہ حامد یعقوب شیخ سے علیحدہ علیحدہ ملاقات،بلوچستان کو این ایف سی کے شیئر میں کمی کے باعث درپیش مالی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر بات چیت کر تے ہوئے صوبائی وزیر خزانہ زمرک خان اچکزئی نے کہا کہ گزشتہ مالی سال میں بلوچستان کو این ایف سی کے پروٹیکٹڈ شیئر میں سے 11ارب روپے کم ملے رواں مالی سال کے دوران بلوچستان کو دسمبر تک 157 ارب روپے ملنے چاہئے تھے اس سال دسمبر تک وفاق نے 125 ارب روپے ٹرانسفر کئے اور اب تک 32 ارب روپے کا شارٹ فال ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر این ایف سی میں بلوچستان کے شیئر کو آئینی تحفظ حاصل ہونے کے باوجود پوری رقم ٹرانسفر نہیں کی جاتی تو صوبے کا مالی بحران مزید شدت اختیار کریگا فنڈز کی عدم دستیابی سے نہ صرف ترقیاتی عمل متاثر ہور ہاہے بلکہ ہمارے لئے تنخواہوں کی ادائیگی بھی مشکل ہو جائیں گی۔ملا قات میں وفاقی وزیر احسن اقبال نے بلوچستان کے مالی مسائل کے حل کے لئے بھرپور معاونت،وفاقی اور صوبائی حکومت کے معاونتی منصوبوں کی برج فنانسنگ کے 6 ارب روپے کے فوری اجراء کی یقین دھانی کروائی، وفاقی سیکریٹری خزانہ حامد یعقوب شیخ کی جانب سے بلوچستان کے این ایف سی ایوارڈ کے شیئر کے واجبات کی ادائیگی کی یقین دہانی کروائی گئی۔ملاقاتوں میں سینیٹر نوابزادہ عمر فاروق بھی موجود تھے۔
زمرک خان اچکزئی کی اسلام آباد میں احسن اقبال سے ملاقات این ایف سی کے شیئر میں کمی کے باعث درپیش مالی مسائل پر تبادلہ خیال

ٹیگز:
تبادلہ خیال
