کوئٹہ (گرین گوادر نیوز) چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا کی زیر صدارت جنوبی بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں ترقیاتی منصوبوں میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں اے سی ایس ترقیات حافظ عبدالباسط، سیکرٹری خزانہ عبدالرحمن بزدار سمیت تمام سیکرٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس میں صحت، تعلیم، سیاحت اور دیگر شعبوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری بلوچستان نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں تیزی لانے اور ان کی مقررہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنایا جائے اور ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا ئیگا۔ ایڈیشنل چیف سیکریٹری ترقیات نے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ترقیاتی منصوبوں میں ٹرانسپورٹ اور بنیادی ڈھانچہ کی تعمیر، ڈیمز، صاف پانی کی فراہمی اور بہتر استعمال، زراعت اور لائیو سٹاک، آئی ٹی، توانائی، صنعت و تجارت، افرادی قوت، تعلیم اور دیگر ترقیاتی منصوبے شامل ہیں۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر سے صوبے کے لوگوں کو نقل و حرکت میں آسانی کے ساتھ ساتھ زرعی اجناس کو منڈیوں تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے علاقے میں خوشحالی آئے گی اور لوگوں کی معیار زندگی بھی بہتر ہوجائیگی۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں سے علاقے میں روزگار کے وسیع مواقع میسر آئیں گے۔ علاوہ ازیں چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا نے جمعرات کے روز سپریم کورٹ رجسٹری، ایجوکیشنل انکلیو اور شیخ زید کینسر اینڈ جنرل ہسپتال کا دورہ کیا۔ سیکرٹری بلڈنگ غلام علی بلوچ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری نے کہا کہ عوام کو علاج و معالجہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور صوبائی حکومت صحت کے شعبے کو مزید بہتر بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عوام کیلئے ہسپتال میں صفائی کی صورتحال کو بہتر کیا جائے اور ڈاکٹرز اور عملے کی حاضری کو بھی یقینی بنانے کیلئے فیشل ڈیوائس نصب کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے سپریم کورٹ رجسٹری اور ایجوکیشنل انکلیو میں ترقیاتی کام کو مقررہ وقت پر مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔
ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا ئیگا، مطہر نیاز رانا

ٹیگز:
مطہر نیاز رانا
