چمن (ڈیلی گرین گوادر)پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع چمن کی ضلعی کمیٹی کا ماہانہ اجلاس پارٹی کے ضلعی قائم مقام سیکرٹری حاجی جمال خان اچکزئی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلعی کابینہ اور مختلف تحصیلوں و علاقائی ابتدائی یونٹوں کی رپورٹس پیش کی گئیں اور تنظیمی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کا خصوصی ایجنڈا برصغیر پاک و ہند کی آزادی کے قافلے کے عظیم سالار، تحریک آزادی کے بے باک رہنما خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی برسی کے سلسلے میں 2 دسمبر کو منعقد ہونے والے جلسے کی تیاریوں کا جائزہ لینا تھا۔ اجلاس میں برسی جلسے کو تاریخی اور کامیاب بنانے کے لیے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں اور کارکنوں کو بھرپور تیاریوں کی ہدایت کی گئی۔اجلاس سے پشتونخوا میپ کے صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری صورت خان کاکڑ، ضلع قائمقام سیکرٹری جمال خان اچکزئی، ضلعی سینئر معاو ن سیکرٹری کریم خان ناظم نے ضلع چمن کی موجودہ صورتحال پر بھی تفصیلی بحث کی اور شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کیسکو کی جانب سے لوٹ کھسوٹ کا بازار گرم ہے چمن میں کیسکو نے ظالمانہ لوڈشیڈنگ اور بے جا بلوں کے ذریعے عوام کا جینا دوبھر کر رکھا ہے، ریکوری کے نام پر دوہرا معیار اپنایا جا رہا ہے۔ غریب صارفین کے کنکشن منقطع کیے جا رہے ہیں جبکہ بااثر نادہندگان کو کھلی چھوٹ دی جا رہی ہے۔امن و امان کی مخدوش صورتحال ہے چمن شہر اور کوئٹہ-چمن عالمی شاہراہ پر امن و امان کی صورتحال انتہائی مخدوش اور ابتر ہو چکی ہے۔ چوری، ڈکیتی اور بدامنی کے واقعات میں اضافے سے عوام میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے، انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈیورنڈ لائن اور تجارتی راستوں کی بندش سے ہر طبقہ تباہ ہیں باب دوستی سمیت تمام تجارتی راستوں کی بندش سے چمن کے ہزاروں محنت کش، تاجر اور عام عوام فاقہ کشی پر مجبور ہو گئے ہیں۔ اجلاس نے اسے عوام کا معاشی قتل قرار دیا۔اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ کیسکو کی ناروا لوڈشیڈنگ کا خاتمہ، امن و امان کی بحالی اور ڈیورنڈ لائن پر تجارتی سرگرمیوں کی فوری بحالی کو یقینی بنایا جائے، بصورت دیگر پشتونخوامیپ بھرپور احتجاجی تحریک چلانے پر مجبور ہوگی۔
خان شہید کی شہادت کی برسی عقیدت واحترام کے ساتھ منائی جائیگی، کبیر افغان

ٹیگز:
کبیر افغان
