تربت (ڈیلی گرین گوادر) یونیورسٹی آف تربت کے شعبہ تعلیم کے بورڈ آف اسٹڈیز کا چھٹا اجلاس شعبے کی چیئرپرسن محترمہ رقیہ میروانی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ جامعہ تربت کے ترجمان کے مطابق اجلاس میں ریگولر اور سیلف فنانس اسکیم کے تحت ایم فل ایجوکیشن پروگرام کے نصاب، کورس آؤٹ لائنز اور دیگر تعلیمی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران بورڈ کے ارکان نے شعبہ تعلیم اور اس کے تعلیمی پروگراموں کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے ماہرانہ تجاویز پیش کیں۔ ترجمان کے مطابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے اپنے پیغام میں شعبہ تعلیم کے فیکلٹی ممبران اور بورڈ کے ارکان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جامعہ تربت ہائر ایجوکیشن کمیشن کی گائیڈلائنز اور یونیورسٹی کے اسٹریٹجک پلان 2026-30 کی روشنی میں تعلیمی نظم و نسق کو مزید مستحکم کرنے، نصاب کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے پْرعزم ہے، تاکہ تعلیمی پروگرامز عصر حاضر کے تقاضوں پر پورا اتر سکیں۔ چیئرپرسن محترمہ رقیہ میروانی نے بھرپور شرکت اور قیمتی تجاویز پیش کرنے پر تمام اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان تجاویز اور سفارشات سے تعلیمی پروگراموں کی مسلسل بہتری میں مدد ملے گی۔ اجلاس میں یونیورسٹی آف تربت کے فیکلٹی ممبران ڈاکٹر منظور احمد، محترمہ مہناز بشیر اور کوالٹی انہانسمنٹ سیل کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ریاض احمد نے شرکت کی، جبکہ جامعہ بلوچستان کے ڈاکٹر عبدالناصر کیازئی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر پنجگور عابد حسین، گرلز کالج تربت کی محترمہ ہما امداد اور یونیورسٹی آف تربت کی فیکلٹی ممبر ڈاکٹر مہناز اسلم نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
یونیورسٹی آف تربت کے شعبہ تعلیم کے بورڈ آف اسٹڈیز کا چھٹا اجلاس، ایم فل نصاب اور کورس آوٹ لائن کا تفصیلی جائزہ

ٹیگز:
یونیورسٹی آف تربت
