روالپنڈی:بلوچستان کے اضلاع قلات اور گوادر میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارتی سرپرستی یافتہ فتنہ الہندوستان کے 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ گوادر کی تحصیل پسنی میں کلیئرنس آپریشن کے دوران دیسی ساختہ بم کے دھماکے میں پاک فوج کے میجر وجاہت وحید شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 18 اکتوبر 2026 کو قلات کے علاقے جٹک آباد میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ بھی برآمد کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد بھارتی سرپرستی یافتہ فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھتے تھے اور مقامی آبادی کے لیے خطرہ بنے ہوئے تھے۔
دوسری جانب گوادر کی تحصیل پسنی کے علاقے شادی کور میں دہشت گردوں کے خاتمے اور علاقے کو محفوظ بنانے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری تھا کہ اس دوران سیکیورٹی فورسز کے دستے کو دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد (آئی ای ڈی) سے نشانہ بنایا گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں دستے کی قیادت کرنے والے میجر وجاہت وحید شہید ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق 34 سالہ میجر وجاہت وحید کا تعلق لاہور سے تھا۔ علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ وژن ’عزمِ استحکام‘ کے مطابق دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے قلات اور گوادر میں کارروائیوں کے دوران 4 بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔وزیراعظم نے پسنی میں آئی ای ڈی دھماکے میں شہید ہونے والے میجر وجاہت وحید کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے وطنِ عزیز کی حفاظت کے لیے اپنی جان قربان کی، قوم کو اپنے بہادر سپوت پر فخر ہے۔
انہوں نے شہید کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ وزیراعظم نے ’عزمِ استحکام‘ کے تحت غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

