کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)، عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری عبید اللہ عابد اور رکن صوبائی اسمبلی انجینئر زمرک خان اچکزئی نے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر انہیں رہا نہ کیا گیا تو ہم عدالت عظمیٰ میں جائیں گے اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کرکے احتجاج کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو کوئٹہ پریس کلب میں ملک امان اللہ خان کاکڑ، رکن صوبائی اسمبلی سلمیٰ خان ، جاوید کاکڑ سمیت دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے بتایا کہ متاثرہ فریق نے عدالت کے روبرو حلفیہ بیان اور ایف آئی آر میں نام شامل کرنے سے اظہار لا تعلقی کرنے کے باوجود پارٹی کے صوبائی صدر کی گرفتاری باعث تشویش ہے۔ اور ان کے خلاف جھوٹے مقدمے میں نامزد اور گرفتار کرنا ایک سوچی سمجھی سازش ہے اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے عدم تشدد کے پیرو کاروں کو مرعوب نہیں کیا جاسکتا ۔ پارٹی رہنماﺅں نے ہر دور میں سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور ایسے جھوٹے بے بنیاد مقدمات سے مرعوب نہیں ہوں گے اور نہ ہی محکوم اقوام کیلئے آواز بلند کرنے سے گریز کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اکابرین اور رہنماﺅں نے ہمیشہ قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرکے اپنے موقف پر ڈٹے رہے اور نہ ہی ان سے پیچھے ہٹے ہےں ۔ اصغرخان اچکزئی نے ہمیشہ پشتون بلوچ اور محکوم اقوام کے قومی حقوق اور جمہوریت کی بحالی کیلئے آواز بلند کرکے پشتون علاقوں سے قبائلی تنازعات کے حل کے ذریعے امن کی بحالی میں اپنا کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ مختلف حیلے بہانوں اور سازشوں کے ذریعہ توانا مضبوط آواز کو خاموش کرنے کیلئے مختلف اوچھے ہتھکنڈے استعمال کئے جارہے ہیں جن کی ہم مذمت کرتے ہیں۔ کیونکہ ہم باچا خان اور رہبر تحریک خان عبدالولی خان کے پیرو کار ہیں جنہوں نے ایسی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے انہوں نے کہا کہ اگر اصغر خان اچکزئی کو فوری طور پر رہا نہ کیا گیا تو ہم اپنی جدوجہد جاری رکھتے ہوئے آئندہ کا لائحہ عمل طے کرکے عدالت عظمیٰ سے بھی رجوع کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جو میڈیا پر پابندی لگاکر حق اور سچ کی آواز کو دبا رہے ہیں وہی ہمارے خلاف بھی سازشیں کررہے ہیں۔
اگرصوبائی صدر اصغر خان اچکزئی کو رہا نہ کیا گیا تو ہم عدالت عظمیٰ میں جائیں گے ،عوامی نیشنل پارٹی

ٹیگز:
عوامی نیشنل پارٹی
