پشاور(ڈیلی گرین گوادر) مشیر اطلاعات ایڈوائزری کونسل ثمر ہارون بلور نے کہا ہے کہ گورنر راج کے بعد ان پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے، وعدوں کے بجائے عملی اقدامات پر توجہ دیں گے اور ہر ہفتے ایڈوائزری کونسل کی کارکردگی میڈیا کے سامنے پیش کی جائے گی پشاور کی بہو ہونے کے ناطے کوشش ہے کہ اپنے سسرال کی بہترین خدمت کر سکوں۔
پشاور پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ثمر ہارون بلور نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صحافیوں کا کردار اہم ہے، جبکہ افواج پاکستان، پولیس اور کسٹم اہلکار بھی دہشت گردوں کے نشانے پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں جعلی خبروں کا پھیلاؤ بڑھ رہا ہے، اس لیے صحافی خبر کی تصدیق ضرور کریں۔سیاسی تجزیہ
مشیر اطلاعات کے مطابق ایڈوائزری کونسل نے آتے ہی آرمڈ گاڑیاں پولیس کے حوالے کیں، شہداء پیکج میں اضافہ کیا، شہداء کو پلاٹ الاٹ کیے اور پولیس کے لیے جہیز فنڈ کا اعلان کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ نو ماہ میں افواج پاکستان کے 242 جوان شہید ہوئے۔
ثمر ہارون بلور نے بتایا کہ منشیات کے خلاف کارروائیوں میں 925 کلوگرام منشیات پکڑی گئی ہیں اور تجاوزات کے خلاف آپریشن بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے دورے کے موقع پر ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا جائے گا اور خیبر پختونخوا کی محرومیوں کے ازالے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

