قلات(ڈیلی گرین گوادر)ڈپٹی کمشنر قلات کیپٹن (ر) جمیل بلوچ کی زیر صدارت ضلع میں جاری ترقیاتی اسکیمات کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایکسیئن بی اینڈ آر بلڈنگ نیاز احمد بنگلزئی، ایکسیئن روڈز عبدالمناف کاکڑ، ایکسیئن ایریگیشن نثار احمد مغیری، ایس ڈی او پبلک ہیلتھ ہدایت اللہ، میونسپل کمیٹی کے نمائندہ عبدالخالق، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ منگچر محمد ابراہیم لانگو، ہیڈ کلرک بی اینڈ آر حاجی محمد حنیف مینگل، انجینئر عبدالسلیم، اور انجینئر ایریگیشن بشیر احمد ملازئی نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران مختلف محکموں کے سربراہان نے ملٹی میڈیا کے ذریعے اپنے اپنے شعبہ جات کی جاری اسکیمات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ محکمہ بی اینڈ آر نے ضلع میں جاری سڑکوں اور سرکاری عمارتوں کی تعمیر سے متعلق معلومات فراہم کیں، جب کہ محکمہ ایریگیشن نے ضلع کے تمام ڈیمز کی مرمت اور نئی تعمیرات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ محکمہ پبلک ہیلتھ نے آبنوشی اسکیمات پر جاری کام پر رپورٹ پیش کی۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) جمیل بلوچ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام ترقیاتی اسکیمات جلد از جلد مکمل کی جائیں، ٹھیکیداروں کو کام کی رفتار تیز کرنے کا پابند بنایا جائے، اور اسکیمات میں اعلی معیار کے میٹریل کا استعمال یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ غیر معیاری کام کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور عوامی مفاد میں ضلعی انتظامیہ ترقیاتی منصوبوں کی سخت نگرانی کر رہی ہے۔
ترقیاتی اسکیمات میں اعلی معیار یقینی بنایا جائے، کیپٹن (ر)جمیل بلوچ

ٹیگز:
کیپٹن (ر)جمیل بلوچ
