چمن(پ ر)پشتونخوا ملی عوامی پارٹی ضلع چمن کی ضلع کمیٹی کا ماہانہ اجلاس مرکزی سیکرٹری جنرل عبدالرحیم زیارتوال کی زیر صدارت پارٹی کے ضلعی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔اجلاس میں مرکزی سیکرٹری عبدالحق ابدال صلاح الدین ناظم اور صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع چمن کی تینوں تحصیلوں نے اپنی اپنی تنظیمی رپورٹس پیش کیں، جن میں تنظیمی سرگرمیوں اور عوامی رابطہ مہم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس نے کارکردگی رپورٹ پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ 2 دسمبر کو برصغیر پاک و ہند اور پشتونخوا وطن کی آزادی کے قافلے کے عظیم سالار خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی 53 ویں برسی کا مرکزی جلسہ عام کوئٹہ میں ہوگا۔ اجلاس میں مرکزی جلسہ عام کی تیاریوں کے جائزے و انتظامات کو حتمی شکل دی گئی اور بروقت کوئٹہ کے جلسے میں شرکے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلع چمن سے جلوسوں و قافلوں کی صورت میں جلسہ میں بھرپور شرکت کی جائے گی اور اس سلسلے میں تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے ضلع چمن میں امن و امان کی ناگفتہ بہ صورتحال، ڈیورنڈ لائن سمیت تجارتی راستوں کی بندش اور حالیہ ہوشربا مہنگائی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فارم 47 کی جعلی سلیکٹڈ مسلط حکومت عوام کی نمائندہ نہیں، نہ ہی ان کے پاس عوامی مینڈیٹ ہے۔مقررین نے کہا کہ آئینی کی بحالی وبالادستی، پارلیمنٹ کی خودمختاری، قانون کی حکمرانی، جمہورکی حکمرانی سے انکار کے باعث ملک عالمی تنہائی کا شکاراور ہمہ جہت بحرانوں میں گرچکا ہے اور غیر یقینی بحرانی کیفیت سے دوچار ہے، ہر طرف نفسانفسی کا عالم ہے۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے پشتونوں کو بے روزگاری، مہنگائی اور بدامنی کا شکار ہیں۔ تجارتی راستوں کی بندش نے چمن سمیت پورے پشتونخواوطن کے عوام کی معیشت تباہ کر دی ہے۔مقررین نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کے افکار و نظریات کو عام کریں اور 2 دسمبر کے مرکزی جلسہ عام کو تاریخی طور پر کامیاب بنانے اور ملک کی جاری بحرانی صورتحال سے نکالنے اور عوام کی اذیت ناک ناقابل برداشت بدامنی، بیروزگاری اور مہنگائی نکالنے کا ذریعہ ہوگی۔ انہوں نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ جلسہ عام میں شرکت اور کامیابی کے لیے دن رات کام کرے اور عوام سے شرکت کی استدعا کیجاتی ہے۔
2 دسمبر کاجلسہ عام ملکی بحرانوں، بدامنی، بیروزگاری مہنگائی سے نجات کا ذریعہ ہوگی، پشتونخوامیپ

ٹیگز:
پشتونخوامیپ
