لاہور(ڈیلی گرین گوادر)سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کے خیالات، احساسات اور صلاحیتوں کو مثبت سمت دینے اور معاشرے میں فکری و شعوری بیداری پیدا کرنے کے لیے ادب اور قلم کا کردار نہایت اہم ہے۔ ادبی سرگرمیاں محض اظہارِ خیال کا ذریعہ نہیں بلکہ کردار سازی، فکری تربیت اور معاشرتی تبدیلی کی بنیاد بنتی ہیں۔ نئی نسل کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ وہ اپنے قلم سے معاشرے کی اصلاح اور ملک و ملت کے روشن مستقبل کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کرسکے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے غزالی ٹرسٹ کے زیر اہتمام ادبی مقابلہ جات ’’جہاں ہے تیرے لیے۔۔۔ 2026‘‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ قلم ایک ایسی قوت ہے جو خاموش ذہنوں کو آواز، منتشر خیالات کو سمت اور معاشروں کو تبدیلی کا شعور عطا کرتی ہے۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوان نسل مطالعے، تحریر اور تخلیقی اظہار کو اپنی زندگی کا حصہ بنائے اور اپنے قلم کو سچائی، حق، امید اور تعمیری فکر کے فروغ کا ذریعہ بنائے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل میں بے پناہ تخلیقی صلاحیتیں موجود ہیں، ضرورت صرف انہیں پہچاننے، نکھارنے اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کی ہے۔ ادب انسان کو اپنے گردوپیش کے حالات کا شعور دیتا ہے، سوال اٹھانے اور مسائل کا مثبت حل تلاش کرنے کی صلاحیت پیدا کرتا ہے۔ ایسے مقابلے نوجوانوں کو اپنی سوچ کو الفاظ کا روپ دینے، اپنی شناخت بنانے اور اپنی صلاحیتوں کو قومی و ملی مقاصد کے لیے بروئے کار لانے کا حوصلہ دیتے ہیں۔
ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ ہم ایسی نسل کی تربیت چاہتے ہیں جو علم و شعور سے آراستہ، اعلیٰ کردار کی حامل، اپنی تہذیبی و دینی اقدار سے وابستہ اور اپنے عہد کے تقاضوں سے باخبر ہو۔ نوجوانوں کا قلم ناامیدی کے اندھیروں میں امید کے چراغ روشن کرے اور معاشرے میں مثبت تبدیلی کی تحریک بنے۔ انہوں نے ادبی مقابلہ جات کے انعقاد کو سراہتے ہوئے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں، مطالعے کی عادت اپنائیں اور اپنے قلم کو ایک بامقصد جدوجہد کا وسیلہ بنائیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نئی نسل کو فکری، ادبی اور تخلیقی میدانوں میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ایک بامقصد معاشرے کی تشکیل کے لیے ناگزیر ہے۔ ’’جہاں ہے تیرے لیے‘‘ جیسے ادبی پلیٹ فارم نوجوانوں کو اپنی آواز پہچاننے، اپنے خیالات پیش کرنے اور اپنی صلاحیتوں کو مثبت تبدیلی میں ڈھالنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری ثمینہ سعید بھی ان کے ہمراہ تھیں ۔

