چاغی :ر یکو ڈک مائننگ کمپنی (آر ڈی ایم سی) کی جانب سے ضلع چاغی کے 55 ہونہار طلبہ کو آئی بی اے سکھر کے فاؤنڈیشن پروگرام کے لیے فلی فنڈڈ اسکالرشپس دے دی گئیں، جس کی پروقار تقریب ریکوڈک پراجیکٹ سائٹ پر منعقد ہوئی۔اسکالرشپ ایوارڈ کی اس تقریب میں کامیاب طلبہ، ان کے والدین، کمیونٹی کے معززین اور آر ڈی ایم سی کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔فاؤنڈیشن کی جانب سے جاری بیانیے کے مطابق یہ کامیاب طلبہ آر ڈی ایم سی اسکالرشپ پروگرام کے دوسرے بیچ کا حصہ ہیں۔
اس 6 ماہ پر محیط پروگرام کا بنیادی مقصد ضلع چاغی کے انٹرمیڈیٹ کے طلبہ کی تعلیمی بنیادوں کو مضبوط کرنا اور انہیں پاکستان کی صفِ اوّل کی جامعات میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے تیار کرنا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریکو ڈِک پروجیکٹ کے جنرل مینیجر ریان مچل نے کامیاب طلبہ کا خیرمقدم کیا اور انہیں اس شاندار کامیابی پر مبارکباد دی۔
انہوں نے طلبہ کو اس سنہری موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ ‘یہ صرف آپ کی ذاتی کامیابی نہیں بلکہ آپ کی کمیونٹیز اور خطے کی وسیع تر ترقی اور خوشحالی میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گی۔یہ موقع آپ کے لیے ایک اہم ذمہ داری بھی ہے کہ آپ محنت اور لگن سے اپنی تعلیم جاری رکھیں اور معاشرے میں مثبت تبدیلی لائیں۔’
اس موقع پر ریان مچل نے آئی بی اے سکھر کے وائس چانسلر ڈاکٹر آصف شیخ، ان کی اکیڈمک ٹیم اور آر ڈی ایم سی کی سسٹین ایبلٹی ٹیم کی کاؤشوں کو بھی سراہا جنہوں نے مسلسل دوسری مرتبہ اس پروگرام کا کامیاب انعقاد یقینی بنایا۔آر ڈی ایم سی کے سسٹین ایبلٹی مینیجر اسٹیفن ہرب نے معاشرتی ترقی میں تعلیم کی اہمیت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیم مستحکم اور مشکلات کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے والی کمیونٹیز کی بنیادی شرط ہے۔
انہوں نے کمیونٹی اور والدین کے کردار کی تعریف کی اور فاؤنڈیشن پروگرام کے پہلے بیچ کے شاندار نتائج کا پس منظر بیان کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ 2025 کے پہلے بیچ کے 42 طلبہ اس وقت پاکستان بھر کی مختلف معروف جامعات میں داخلہ حاصل کر چکے ہیں، جو اس پروگرام کی افادیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
تقریب میں آر ڈی ایم سی کے ہیڈ آف ہیومن ریسورسز ہانو اسٹیدن اور کمیونٹی انویسٹمنٹ ٹیم لیڈ عیسیٰ طاہر نے بھی شرکت کی۔ ہانو اسٹیدن نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی پوری توجہ تعلیم پر مرکوز رکھیں اور اس موقع کو اپنے تابناک مستقبل کی سیڑھی بنائیں۔عیسیٰ طاہر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ریکو ڈِک اسکالرشپ پروگرام دراصل چاغی کے نوجوانوں کی صلاحیتوں اور مستقبل میں ایک بڑی سرمایہ کاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ‘آج 55 اسکالرز کی کامیابی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ ہم نوجوانوں کے لیے ایسے مواقع پیدا کر رہے ہیں جن سے وہ اپنے خوابوں کی تعبیر پا سکیں۔’تقریب کے اختتام پر تمام 55 طلبہ کو اسکالرشپ کے سرٹیفکیٹس پیش کیے گئے۔ واضح رہے کہ آر ڈی ایم سی بلوچستان میں جامع اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے پرعزم ہے اور مقامی نوجوانوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا کمپنی کی طویل المدتی حکمتِ عملی کا ایک اہم ترین ستون ہے۔

