کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)، کمشنر کوئٹہ ڈویژن ذیشان لاشاری نے ٹراما سینٹر اسپنی روڈ کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مرکز کے مختلف وارڈز، آپریشن تھیٹرز، آئی سی یوز اور دیگر طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر مینیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر ارباب کامران نے کمشنر کو ٹراما سینٹر میں عوام کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ٹراما سینٹر میں کوئٹہ اور صوبے کے عوام کو جدید طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور مریضوں کی فوری اور مؤثر طبی امداد کے لیے ڈاکٹرز، پیرا میڈیکس، ایچ آر اور دیگر ضروری عملہ 24 گھنٹے موجود رہتا ہے۔ڈاکٹر ارباب کامران نے بتایا کہ ٹراما سینٹر تقریباً 150 بیڈز پر مشتمل ہے، جبکہ خواتین مریضوں کے لیے الگ وارڈ قائم کیا گیا ہے تاکہ انہیں بہتر اور باعزت ماحول میں علاج کی سہولت فراہم کی جا سکے۔ ٹراما سینٹر میں پیپر لیس ورکنگ سسٹم رائج ہے، جس سے مریضوں کے ریکارڈ اور طبی امور کو جدید تقاضوں کے مطابق منظم کیا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مرکز میں مریضوں کی نگہداشت کے لیے چار آئی سی یوز، متعدد وارڈز اور جدید آپریشن تھیٹرز موجود ہیں، جبکہ ایکسرے، سی ٹی اسکین اور لیبارٹری سمیت مختلف تشخیصی سہولیات بھی 24 گھنٹے دستیاب ہیں۔مینیجنگ ڈائریکٹر کے مطابق مریضوں کی سہولت کے لیے خصوصی کارڈ کا اجرا بھی کیا گیا ہے، جس کی مدد سے مریض آئندہ بھی اپنی طبی سہولیات اور ریکارڈ سے استفادہ کر سکتے ہیں۔ مریض کے ساتھ ایک وقت میں صرف ایک تیماردار کی اجازت ہے، جس سے ہسپتال میں نظم و ضبط برقرار رکھنے اور مریضوں کو بہتر ماحول فراہم کرنے میں مدد مل رہی ہے۔اس موقع پر کمشنر کوئٹہ ڈویژن ذیشان لاشاری نے کہا کہ ٹراما سینٹر کوئٹہ صوبے کے اہم اور جدید طبی مراکز میں شمار ہوتا ہے، جہاں شہریوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ایک قابلِ قدر اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی اور ٹراما کی صورت میں بروقت علاج انسانی جان بچانے میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ یہاں موجود طبی سہولیات کو مؤثر انداز میں بروئے کار لایا جائے اور مریضوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔کمشنر ذیشان لاشاری نے ٹراما سینٹر کی انتظامیہ پر زور دیا کہ عوام کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے، مریضوں اور ان کے لواحقین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور ہسپتال میں صفائی، نظم و ضبط اور سروس ڈیلیوری کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے ٹراما سینٹر میں موجود سہولیات کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ جدید طبی آلات اور سہولیات کی موجودگی کے ساتھ ساتھ ان کا مؤثر استعمال بھی ضروری ہے تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں فائدہ پہنچ سکے۔ٹراما سینٹر اسپنی روڈ میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے بریفنگ کے بعد کمشنر نے مختلف شعبوں کا دورہ بھی کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی خدمات کا جائزہ لیا۔
کمشنر کوئٹہ ڈویژن ذیشان لاشاری کا ٹراما سینٹر اسپنی روڈ کا دورہ،مختلف وارڈز، آپریشن تھیٹرز اور آئی سی یوز کا معائنہ

ٹیگز:
ٹراما سینٹر اسپنی
