قلعہ سیف اللہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی ضلع قلعہ سیف اللہ کے زیرِ اہتمام علاقہ باتوزئی میں ایک پروقار شمولیتی پروگرام منعقد ہوا۔ جس میں مختلف سیاسی جماعتوں سے مستعفی ہوکر خاندانوں سمیت 49 افراد نے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔شمولیتی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے ضلعی صدر حاجی دارا خان جوگیزئی نے نئے شامل ہونے والے ساتھیوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی عوام کی حقیقی نمائندہ جماعت ہے جو پشتون قوم کے قومی، سیاسی، معاشی اور جمہوری حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کی سیاست کا محور عوام کی خدمت، قومی وحدت، جمہوریت، آئین کی بالادستی اور پشتونخوا وطن کے عوام کے حقوق کا تحفظ ہے۔ عوام کی بڑی تعداد کا پارٹی پر اعتماد اس بات کا ثبوت ہے کہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کی اصولی سیاست اور جدوجہد کو عوامی پذیرائی حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ نئے شامل ہونے والے ساتھی پارٹی کے پروگرام، منشور اور تنظیمی نظم و ضبط کو سمجھتے ہوئے قومی سیاسی جدوجہد کو مزید مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔پروگرام سے ضلعی جنرل سیکرٹری ظریف سبا، ضلعی ڈپٹی سیکرٹری و ضلعی ڈپٹی چیئرمین احسان اللہ کاکڑ اور تحصیل جنرل سیکرٹری فضل خان میرزئی نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے نئے شامل ہونے والے ساتھیوں کو پشتونخوا ملی عوامی پارٹی میں شمولیت پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شمولیت سے پارٹی تنظیم مزید مضبوط اور فعال ہوگی۔آخر میں نئے شامل ہونے والے 49 افراد نے پارٹی قیادت اور تنظیمی ساتھیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے پلیٹ فارم سے قومی و جمہوری حقوق کی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
پشتونخوامیپ کی ا صولی سیاست اور جدوجہد کو عوامی پذیرائی حاصل ہے، دارا خان جوگیزئی

ٹیگز:
دارا خان جوگیزئی
