کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن بلوچستان کے انتخابات میں پروفیشنل ڈاکٹرز فورم پینل کے تمام ممبران بلامقابلہ منتخب ہوگئے۔چیئرمین الیکشن کمیشن پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن بلوچستان چیپٹرڈاکٹر فرید احمد سمالانی کے مطابق پی ایم اے بلوچستان کے انتخابات کے لئے پروگریسو ڈاکٹرز الائنس اور پروفیشنل ڈاکٹرز فورم نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے جس کے بعد پروگریسو ڈاکٹرز الائنس پینل نے پروفیشنل ڈاکٹرز فورم کے امیدواروں کے حق میں اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے جس کے بعد ڈاکٹر نعیم زرکون صدر، ڈاکٹر عبدالجبار سومرو صدر، ڈاکٹر زرک خان جنرل سیکریٹری، ڈاکٹر نور اللہ موسی خیل نائب صدر، ڈاکٹر سیمین گل نائب صدر ڈاکٹر محمد اسلم جوائنٹ سیکرٹری، ڈاکٹر احمد عباس جوائنٹ سیکرٹری، ڈاکٹر عبداللہ وردگ پریس سیکرٹری، ڈاکٹر طارق بلوچ فنانس سیکرٹری،ڈاکٹر ارشاد بلوچ چیئرمین فیلڈ آپریشنزدو سال کیلئے بلامقابلہ منتخب ہوگئے جن کی مدت کار 12ستمبر2026ء سے شروع ہوگی۔چیئرمین الیکشن کمیشن پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن بلوچستان چیپٹرڈاکٹر فرید احمد سمالانی نے انتخابی عمل میں حصہ لینے والے تمام امیدواروں اور پینلز کا شکریہ ادا کیا اورکہا کہ پروگریسو ڈاکٹرز الائنس کی جانب سے اپنے پینل سے دستبرداری کے فیصلے کا احترام کرتا ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ نو منتخب عہدیداران پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے آئین، قواعد و ضوابط اور ادارہ جاتی روایات کے مطابق اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے اور صوبے کی طبی برادری کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔ڈاکٹر فرید احمد سمالانی نے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباددی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔یاد رہے کہ پی ایم اے بلوچستان کے صوبائی انتخابات پانچ سال سے زائد عرصے کے وقفے کے بعد منعقد ہوئے ہیں،جو صوبے کی طبی برادری کے لیے ایک اہم جمہوری پیش رفت ہے۔
پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن بلوچستان کے انتخابات مکمل ہوگئے،ڈاکٹر نعیم زرکون صدر اور ڈاکٹر زرک خان جنرل سیکرٹری منتخب

