کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) وزیراعلیٰ بلوچستان کے فوکل پرسن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید اقبال شاہ نے بلوچستان میڈیا فورم کے صدر قیوم بلوچ، جنرل سیکرٹری اللہ داد رند، اللہ یار ڈومکی، ندیم بابر مغل، محمد علی ہزارہ، احمر ندیم، اصغر بلوچ سمیت تمام مرکزی عہدیداران، ڈویڑنل صدور اور اراکین سینٹرل کمیٹی کو منتخب ہونے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ صوبائی سطح پر ایک منظم صحافتی تنظیم کے قیام پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں سید اقبال شاہ نے کہا کہ بلوچستان میڈیا فورم کا قیام صوبے کی صحافتی تاریخ میں ایک اہم پیش رفت ہے، جس سے بلوچستان بھر کے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو ایک منظم پلیٹ فارم میسر آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ صحافت معاشرے کا اہم ستون ہے اور صحافی عوامی مسائل، محرومیوں اور مشکلات کو حکام تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے بلوچستان میڈیا فورم کے صدر قیوم بلوچ، جنرل سیکرٹری اللہ داد رند اور دیگر نومنتخب عہدیداران کی کاوشوں کو خصوصی طور پر سراہتے ہوئے کہا کہ سینئر صحافی قیوم بلوچ اور ان کے ساتھیوں نے صوبے بھر کے صحافیوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے کے لیے قابلِ قدر جدوجہد کی ہے۔ صوبائی سطح پر ایک منظم صحافتی تنظیم کا قیام صحافی برادری کے اتحاد اور ان کے مسائل کے حل کی جانب مثبت قدم ہے۔ سید اقبال شاہ نے کہا کہ بلوچستان حکومت اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی صحافیوں کو ان کا جائز مقام دینے اور آزاد صحافت پر یقین رکھتے ہیں۔ حکومت کی کوشش ہے کہ صحافی برادری کو پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جائے اور ان کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے صحافی محدود وسائل اور مختلف مشکلات کے باوجود عوامی مسائل کو اجاگر کررہے ہیں، ان کی خدمات قابلِ قدر ہیں۔ آزاد، ذمہ دار اور غیرجانبدار صحافت جمہوری معاشرے کی مضبوطی کے لیے ناگزیر ہے، حکومت بلوچستان صحافیوں کے مثبت کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ سید اقبال شاہ نے بلوچستان میڈیا فورم کے تمام نومنتخب مرکزی عہدیداران، ڈویڑنل صدور اور اراکین سینٹرل کمیٹی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ فورم صحافیوں کے حقوق کے تحفظ، آزادی? صحافت کے فروغ اور بلوچستان کے عوامی مسائل کو اجاگر کرنے میں مو¿ثر کردار ادا کرے گا۔
بلوچستان میڈیا فورم کا قیام صوبے کی صحافتی تاریخ میں ایک اہم پیش رفت ہے،سید اقبال شاہ

