بھلوال (ڈیلی گرین گوادر) بھلوال (ضلع سرگودھا): ڈپٹی سیکرٹری حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان اور ڈائریکٹر میڈیا سیل ثمینہ سعید نے قرآن انسٹیٹیوٹ اینڈ کمیونٹی سنٹر بھلوال، ضلع سرگودھا میں فہم القرآن کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسان کی زندگی کا اصل مقصد اللہ تعالیٰ کی رضا کا حصول اور اس کی بندگی ہے۔ نماز، روزہ اور دیگر عبادات اسی مقصد کی تکمیل کا ذریعہ ہیں۔ نماز انسان کو بے حیائی اور برائی سے روکتی ہے جبکہ روزے کا اجر اللہ تعالیٰ نے خود اپنے ذمہ لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ انبیائے کرام علیہم السلام کی بعثت کا بنیادی مقصد اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام قائم کرنا تھا، تاکہ انفرادی اور اجتماعی زندگی قرآن و سنت کے مطابق استوار ہو۔ قرآن مجید کو محض تلاوت تک محدود رکھنے کے بجائے اس کے پیغام کو سمجھنا، اس پر عمل کرنا اور گھر، محلے، شہر اور پورے معاشرے تک پہنچانا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے۔ ثمینہ سعید نے خواتین کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اسلام نے عورت کو عزت، وقار اور قیادت کا مقام عطا کیا ہے۔ حضرت خدیجہؓ سب سے پہلے ایمان لانے والی خاتون تھیں اور حضرت اسماءؓ نے ہجرت کے نازک مرحلے میں عظیم کردار ادا کیا۔ آج بھی خواتین اگر قرآن سے مضبوط تعلق قائم کریں اور اپنی اولاد کی دینی و اخلاقی تربیت کو اپنی اولین ترجیح بنائیں تو وہ ایک صالح اور مضبوط معاشرے کی تشکیل میں فیصلہ کن کردار ادا کر سکتی ہیں۔ آج کی بیٹیاں کل کی مائیں ہیں، اس لیے ان کی نظریاتی اور اخلاقی تربیت درحقیقت آنے والی نسلوں کی تعمیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوامی مسائل پر بھرپور آواز بلند کر رہی ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری، پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں، کسانوں اور مزدوروں کے مسائل، سودی نظام کے خاتمے اور کشمیر کے مسئلے پر جماعت اسلامی مسلسل جدوجہد کر رہی ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری کمی کی جائے، لیوی ٹیکس ختم کیا جائے اور عوام کو مہنگائی کے بوجھ سے نجات دلانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے خواتین سے اپیل کی کہ وہ معاشرے میں خیر، عدل اور اسلامی اقدار کے فروغ کے لیے اجتماعی جدوجہد میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور 6 اگست کو خواتین کے احتجاج جبکہ 7 اگست کو ملک گیر عوامی احتجاج میں بھرپور شرکت کر کے عوامی حقوق کی آواز بلند کریں۔ تقریب میں ناظمہ حلقہ آنسہ اشفاق، مریم جمیلہ سمیت فہم القرآن کورس کی اساتذہ، شرکاء اور مقامی ذمہ داران کی بڑی تعداد موجود تھی۔
قرآن سے وابستگی ہی مضبوط کردار، صالح معاشرے اور حقیقی تبدیلی کی بنیاد ہے: ثمینہ سعید

ٹیگز:
ثمینہ سعید
