کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی خوشحال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ ملی شہید عثمان خان کاکڑ کی شہادت کی پانچویں برسی کے موقع پر منعقد ہونے والا عظیم الشان، فقیدالمثال اور تاریخی جلسہ عام اور ضلع قلعہ سیف اللہ کا کامیاب ضلعی کانفرنس اس خطے کے عوام، پارٹی کارکنوں اور پشتون قومی جمہوری تحریک کے لیے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ان تاریخی پروگراموں نے نہ صرف پارٹی کی تنظیمی قوت اور عوامی حمایت کا بھرپور اظہار کیا بلکہ یہ بھی ثابت کیا کہ ملی شہید عثمان خان کاکڑ کی فکر، جدوجہد اور قومی سیاسی وژن آج بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی جنوبی پشتونخوا کے تمام اضلاع کے عہدیداروں اور کارکنوں، بالخصوص ضلع قلعہ سیف اللہ کے ذمہ داران، کارکنوں اور نوجوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے، جنہوں نے شب و روز محنت کرتے ہوئے ایک ایسا شاندار، منظم، پُرجوش اور ولولہ انگیز جلسہ منعقد کیا جس کی مثال ماضی قریب میں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ کارکنوں نے انتہائی محدود وسائل کے باوجود جس نظم و ضبط، سیاسی شعور اور قومی جذبے کا مظاہرہ کیا، وہ قابلِ ستائش اور پارٹی کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے رکن سردار اللہ یار خان جوگیزی کی جانب سے اپنی رہائش گاہ، جوگیزی ہاؤس، میں ضلع قلعہ سیف اللہ کے 21 جون کو منعقد ہونے والے تاریخی ضلعی کانفرنس اور ملی شہید عثمان خان کاکڑ کی شہادت کی پانچویں برسی کے سلسلے میں منعقدہ عظیم الشان جلسہ عام کے منتظمین اور کارکنوں کے اعزاز میں دیے گئے پرتکلف عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی سیکریٹری چیئرمین اللہ نور خان ، ضلعی سیکریٹری شمس رودوال، سینئر معاون عزیز آرین اور علماء ونگ کے سینئر معاون مولوی شاہ خالد نے بھی خطاب کیا۔مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ قلعہ سیف اللہ کا حالیہ ضلعی کانفرنس اور ملی شہید عثمان خان کاکڑ کی پانچویں برسی کا عظیم الشان جلسہ عام پارٹی کی عوامی مقبولیت، تنظیمی استحکام اور کارکنوں کے سیاسی شعور کا واضح مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملی شہید عثمان خان کاکڑ نے اپنی پوری زندگی پشتون قومی حقوق، جمہوریت، آئین کی بالادستی، پارلیمانی سیاست اور محکوم اقوام کے حقوق کے لیے وقف کر رکھی تھی، اور آج ان کی جدوجہد کارکنوں کے لیے مشعلِ راہ کی حیثیت رکھتی ہے۔اس موقع پر پارٹی کے مرکزی سیکریٹری سردار گل مرجان کیبزی، صوبائی سیکریٹری مالیات و چیئرمین میونسپل کمیٹی سید اکبر خان ، صوبائی ڈپٹی سیکریٹری غنی فدائی، سندھ کے صوبائی سیکریٹری شفیع ترین، ضلع بوری کے ضلعی سیکریٹری مصطفیٰ کمال ، ضلع بوری کے سینئر معاون نعمت جلالزی، ضلع قلعہ سیف اللہ دوم کے ضلعی سیکریٹری حبیب اللہ، ضلع قلعہ سیف اللہ دوم کے سینئر معاون سیکریٹری منان خان ، ضلع قلعہ سیف اللہ اول و دوم کی ضلعی ایگزیکٹو کمیٹیوں کے اراکین، مرکزی، صوبائی، ضلعی اور علاقائی کمیٹیوں کے ممبران، نیز پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے عہدیداروں اور کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مقررین نے تاریخی ضلعی کانفرنس اور عظیم الشان جلسہ عام کے کامیاب انعقاد پر تمام منتظمین، کارکنوں اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی اجتماعی محنت، قربانی اور سیاسی وابستگی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے اس شاندار پروگرام کے انعقاد میں دن رات محنت کرنے والے کارکنوں اور ذمہ داران کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پارٹی کو مزید منظم، فعال اور مضبوط بنانے کے لیے آئندہ بھی اسی جذبے، نظم و ضبط اور لگن کے ساتھ کام جاری رکھا جائے گا۔مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ ملی شہید عثمان خان کاکڑ کی سیاسی، قومی اور جمہوری فکر کو نئی نسل تک پہنچانا اور ان کے ادھورے مشن کو پایۂ تکمیل تک پہنچانا پارٹی کے ہر کارکن کی ذمہ داری ہے، اور اس مقصد کے حصول کے لیے تنظیم کو ہر سطح پر مزید مستحکم اور فعال بنانے کی اجتماعی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
ملی شہید عثمان خان کاکڑ کی فکر، جدوجہد اور قومی سیاسی وژن آج بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہے :خوشحال خان کاکڑ

ٹیگز:
شہید عثمان خان کاکڑ
