کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایت پر تیزاب گردی کے افسوسناک واقعے میں متاثر ہونے والی لیڈی ڈاکٹر کو اعلیٰ اور جدید طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے کراچی منتقل کر دیا گیا ہے متاثرہ لیڈی ڈاکٹر کو پیپلز ایئر ایمبولینس کے ذریعے ماہر ڈاکٹروں اور خصوصی طبی عملے کی نگرانی میں کراچی روانہ کیا گیا جہاں انہیں ملک کے ممتاز طبی ماہرین کی زیر نگرانی علاج اور خصوصی نگہداشت فراہم کی جائے گی انسانی ہمدردی پر مبنی اس مشن کی قیادت کیپٹن علی آزاد کر رہے ہیں وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان متاثرہ لیڈی ڈاکٹر کے علاج، بحالی اور فلاح و بہبود کی مکمل ذمہ داری اٹھا رہی ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاتون کو بہترین ممکنہ طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ان کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ متاثرہ خاندان کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہتے ہوئے انہیں ہر ممکن معاونت، سہولت اور رہنمائی فراہم کی جائے۔ انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ مریضہ کی صحت اور علاج سے متعلق پیش رفت کی باقاعدگی سے نگرانی کی جائے اور حکومت کو مسلسل آگاہ رکھا جائے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ تیزاب گردی کا یہ واقعہ نہایت افسوسناک، انسانیت سوز اور معاشرتی اقدار کے منافی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ واقعے میں ملوث ملزم اپنے منطقی انجام کو پہنچ چکا ہے اور حکومت بلوچستان قانون کی عملداری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خواتین کے خلاف تشدد، ہراسگی اور جرائم میں ملوث عناصر کے لیے بلوچستان میں کوئی گنجائش نہیں۔ حکومت خواتین کے تحفظ، وقار اور بنیادی حقوق کے دفاع کے لیے پرعزم ہے اور ایسے جرائم کے مرتکب افراد کو قانون کے مطابق سخت ترین انجام تک پہنچایا جائے گا انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان متاثرہ لیڈی ڈاکٹر اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور ان کی جلد و مکمل صحت یابی کے لیے دعا گو ہے۔ حکومت اس امر کو یقینی بنائے گی کہ متاثرہ خاندان کو انصاف، تحفظ اور ہر ممکن ریاستی معاونت فراہم ہو۔
حکومت بلوچستان متاثرہ لیڈی ڈاکٹر کے علاج، بحالی اور فلاح و بہبود کی مکمل ذمہ داری اٹھا رہی ہے : میر سرفراز بگٹی

ٹیگز:
میر سرفراز بگٹی
