کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عید الضحٰی کے موقع پر چیف منسٹر سیکرٹریٹ کوئٹہ میں نماز عید ادا کی اس موقع پر صوبائی وزراء، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، اعلیٰ سول و عسکری حکام اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بھی وزیر اعلیٰ کے ہمراہ موجود تھے نماز عید کے بعد ملک کی سلامتی، قومی یکجہتی، بلوچستان کی ترقی، دہشت گردی کے خاتمے اور امت مسلمہ کے اتحاد و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں سانحہ کوئٹہ میں جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحتیابی اور متاثرہ خاندانوں کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی گئی نماز عید کی ادائیگی کے بعد وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عیدگاہ میں شہریوں، عمائدین، منتخب نمائندوں اور سرکاری حکام سے عید ملی کی اور انہیں عید الضحٰی کی مبارکباد پیش کی اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عید الضحٰی حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیلؑ کی عظیم قربانی کی یاد دلاتی ہے اور ہمیں قربانی، ایثار، صبر، اتحاد اور جذبۂ اخوت کا درس دیتی ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اپنے خصوصی عید پیغام میں اہل وطن بالخصوص اہلیان بلوچستان کو عید الضحٰی کی دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں ہمیں اتحاد، باہمی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ کوئٹہ کے تناظر میں حکومت بلوچستان نے عید الضحٰی سادگی سے منانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک رہا جا سکے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ کوئٹہ میں پیش آنے والا دہشت گردی کا افسوسناک واقعہ پوری قوم کیلئے انتہائی تکلیف دہ ہے، بلوچستان کے عوام اور حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ثابت قدم ہیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام دل و جان سے اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز، پولیس، لیویز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور قیام امن کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ عید الضحٰی کے موقع پر بلوچستان کے تمام ڈویژنل اور ضلعی ہیڈکوارٹرز میں پہلی مرتبہ منظم صفائی مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں میونسپل سروسز کا عملہ عید ایام کے دوران مکمل طور پر متحرک رہے گا جبکہ صفائی پر مامور ٹیمیں قربانی کے جانوروں کی آلائشیں جمع کرکے مقررہ مقامات پر تلف کریں گی انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ میونسپل سروسز کے عملے، ضلعی انتظامیہ اور صفا کوئٹہ کی ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ صفائی کا نظام مؤثر انداز میں برقرار رکھا جا سکے اور عید کے ایام میں شہری ماحول کو آلودگی سے محفوظ بنایا جا سکے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت عوام کو عید کے دوران بہترین شہری سہولیات، سیکیورٹی، صفائی ستھرائی اور دیگر بنیادی خدمات کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ عوام پرامن اور خوشگوار ماحول میں عید کی خوشیاں منا سکیں۔
میر سرفراز بگٹی نے نماز عید کوئٹہ میں ادا کی ، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور اعلیٰ سرکاری حکام و قبائلی عمائدین بھی نماز عید میں شریک ، قومی سلامتی، یکجہتی اور امت مسلمہ کی خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں

ٹیگز:
میر سرفراز بگٹی
