کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق،ضلعی جنرل سیکرٹری حاجی عین اللہ شمس، سینیئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، حاجی بشیر احمد کاکڑ، حافظ شبیر احمد مدنی، حاجی رحمت اللہ کاکڑ، سید حاجی عبدالواحد آغا، حافظ مسعود احمد، حاجی محمد قاسم خلجی، حاجی ولی محمد بڑیچ، صفی اللہ مینگل اور شاہ زاہد مشوانی نے کہا ہے کہ جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کی جانب سے 22 مئی کو قائدِ جمعیت حضرت مولانا فضل الرحمن صاحب کی ہدایت پر مہنگائی، بدامنی اور عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف عظیم الشان احتجاجی ریلی نکالی جائے گی۔ انہوں نے تمام یونٹوں کے ذمہ داران کو ہدایت کی کہ ریلی کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے فوری طور پر بھرپور اور منظم تیاریوں کا آغاز کریں اور عوامی رابطہ مہم کو مؤثر بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کی ظالمانہ اور ناکام پالیسیوں نے عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری، غربت اور معاشی بدحالی نے غریب اور متوسط طبقے کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ روزمرہ ضروریاتِ زندگی عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوچکی ہیں جبکہ بے حسی پر مبنی حکومتی طرزِ عمل کے باعث عوام شدید ذہنی و معاشی اذیت کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری، بدامنی اور معاشی بحران نے لوگوں کو مایوسی اور اضطراب میں مبتلا کر دیا ہے، مگر حکمران طبقہ عوامی مسائل کے حل کے بجائے صرف نمائشی اقدامات اور دعوؤں تک محدود ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام ہر فورم پر مظلوم عوام کی آواز بلند کرتی رہے گی اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
22 مئی کو قائدِ جمعیت حضرت مولانا فضل الرحمن کی ہدایت پر مہنگائی، بدامنی اور عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف عظیم الشان احتجاجی ریلی نکالی جائے گی۔ مولانا عبدالرحمن رفیق

ٹیگز:
مولانا عبدالرحمن رفیق
