کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ پشتون قومی سیاسی تحریک کے ممتاز رہنما، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سینئر ڈپٹی چیئرمین، نامور دانشور، ادیب، مدبر سیاستدان اور قومی فکر کے علمبردار مرحوم عبد الرحیم خان مندوخیل کی نویں برسی کے موقع پر بروز اتوار کوئٹہ میں مرکزی جلسۂ عام منعقد ہوگا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جلسہ عام آج سہ پہر تین بجے کوئٹہ کے لیاقت پارک میں منعقد ہوگا، جس سے پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے چیرمین اور رکن قومی اسمبلی خوشحال خان خان کاکڑ اور مرکزی و صوبائی رہنما خطاب کرینگے اور جلسہ عام میں کارکنان، مختلف سیاسی و سماجی شخصیات، دانشور، طلباء اور عوام الناس بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔جبکہ پارٹی کے دیگر مرکزی و صوبائی قائدین بھی مرحوم احترام خان مندوخیل کی سیاسی، فکری، ادبی اور قومی خدمات پر تفصیلی اظہار خیال کریں گے۔ مقررین پشتون قومی سیاسی تحریک میں ان کے تاریخی کردار، جمہوری جدوجہد، قومی وحدت، وطن دوستی اور محکوم اقوام کے حقوق کیلئے ان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ مرحوم عبدالرحیم خان مندوخیل نے اپنی پوری سیاسی زندگی پشتون قومی تحریک، جمہوریت، آئین کی بالادستی، قومی برابری اور عوامی حقوق کے حصول کیلئے وقف کر رکھی تھی۔ ان کی سیاسی بصیرت، علمی و ادبی خدمات اور قومی شعور کے فروغ کیلئے جدوجہد ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔پارٹی نے تمام کارکنوں، عوام، سیاسی کارکنوں، طلباء، دانشوروں اور وطن دوست قوتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جلسہ عام میں بھرپور شرکت کرکے مرحوم رہنما کی قومی، سیاسی اور فکری خدمات کو خراج تحسین پیش کریں۔
قومی فکر کے علمبردار مرحوم عبد الرحیم خان مندوخیل کی نویں برسی کے موقع پر بروز اتوار کوئٹہ میں مرکزی جلسۂ عام منعقد ہوگا : پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی

