کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان عوامی پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری مٹھا خان کاکڑ، مرکزی آرگنائزنگ سیکرٹری ملک خدا بخش لانگو کی قیادت میں جمعہ کو بی اے پی کے مرکزی سیکرٹریٹ چمن ہاؤسنگ اسکیم سے یوم مئی کی مناسبت سے ایک ریلی نکالی گئی ریلی کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھارکھے تھے جن پر شکاگو کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے نعرے درج تھے ریلی میں بی اے پی کے مرکزی،صوبائی اور ضلعی عہدیداروں نے بڑی تعدا د میں شرکت کی۔ ریلی مختلف شاہراہوں سے ہوئی ہوئی واپس پارٹی کے مرکزی سیکرٹری پہنچی جہاں ریلی کے شرکاء سے مٹھا خان کاکڑ،ملک خدابخش لانگو،محب اللہ ترین،روز جان، عصمت اللہ ترین، یحییٰ جوگیزئی،اللہ داد دشتی،صوبائی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری ارباب شائستہ کاسی،کامران کاسی، احسان اللہ خاکسار،عبداللہ لانگواوردیگر نے خطاب کرتے ہوئے شکاگو کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مزدور کسی بھی معیشت کی بنیاد ہوتے ہیں اور انہی کی محنت سے ترقی اور خوشحالی ممکن ہوتی ہے یکم مئی ہمیں ان قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو مزدوروں نے اپنے حقوق کے حصول کے لیے دیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسے معاشرے کی تشکیل کے لیے مشترکہ کوششیں ضروری ہیں جہاں ہر محنت کش کو عزت، انصاف اور یکساں مواقع میسر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مزدوروں کو بروقت اجرت، محفوظ ماحول اور بنیادی سہولیات فراہم کرنا ریاست اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ یومِ مزدور اس عزم کی تجدید کا دن ہے کہ محنت کش طبقے کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام محنت اور دیانت کو بلند مقام دیتا ہے اور مزدور کے پسینے کی قدر کرنا ہماری دینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہاکہ یوم مزدور صرف چھٹی کا دن نہیں ہے بلکہ یہ قربانیوں، خون اورپسینے سے لکھی گئی تاریخ کا دن ہے،بلوچستان سمیت پورے ملک میں مزدوروں کے لیے تحفظ، اجرت، اور وقار کو آئینی حیثیت دی جائے کان کنوں کے لیے جدید حفاظتی نظام، انشورنس اور ہنگامی امدادی مراکز کا فوری قیام عمل میں لایا جائے۔انہوں نے کہا کہ مزدور کا ہاتھ تو ہمیشہ ہنر سے بھرا ہوتا ہے مگر اس کی جھولی خالی، تنخواہ ناکافی اور زندگی عدم تحفظ کا شکار ہوتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یومِ مزدور پر تقاریر تو ہوتی ہیں مگر مزدور کی حالت پر کوئی سنجیدہ قدم نہیں اٹھایا جاتاآج مزدور صرف دو وقت کی روٹی کے لیے نہیں بلکہ اپنی جان کی سلامتی کے لیے لڑ رہا ہے یہ کس قدر شرمناک حقیقت ہے کہ جس کا خون معیشت کو رواں رکھتا ہے وہ خود سب سے زیادہ غیرمحفوظ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ بلوچستان سمیت پورے ملک میں مزدوروں کے لیے تحفظ، اجرت، اور وقار کو آئینی حیثیت دی جائے،ان کنوں کے لیے جدید حفاظتی نظام، انشورنس اور ہنگامی امدادی مراکز کا فوری قیام عمل میں لایا جائے،ہشت گردی یا حادثات کا شکار مزدوروں کے لواحقین کو مناسب معاوضہ، مستقل مالی امداد، اور بچوں کی تعلیم کی مکمل کفالت دی جائے،لیبر قوانین پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے اور خلاف ورزی پر فوری کارروائی ہو۔
مزدور کسی بھی معیشت کی بنیاد ہوتے ہیں اور انہی کی محنت سے ترقی اور خوشحالی ممکن ہوتی ہے، ریلی سے مٹھا خان کاکڑ، ملک خدا بخش لانگو اوردیگر کا خطاب

ٹیگز:
ملک خدا بخش لانگو
