لسبیلہ (ڈیلی گرین گوادر) بدعنوانی کے خلاف جاری آگاہی مہم کے سلسلے میں ، نیب بلوچستان نے لسبیلہ یونیورسٹی آف اگریکلچر ، واٹر اینڈ مینجمنٹ سائنسز ، اوتھل کے باہمی اشتراک سے “نیب کے کام کا طریقہ کار اور بدعنوانی کے خاتمے میں طلباء کے کردار” کے عنوان سے ایک ویبینار کا انعقاد کیا۔ ویبینار کا بنیادی مقصد نوجوانوں بالخصوص طلباء کو بدعنوانی کے مضر اثرات سے آگاہ کرنا اور بدعنوانی سے پاک معاشرے کی تعمیر کے لیے اجتماعی کوششوں کو فروغ دینا تھا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب بلوچستان احتشام الحق و دیگر مقررین نے یونیورسٹی کے طلباء اور فیکلٹی ممبرز کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے نیب کے وژن، مشن اور بدعنوانی کی لعنت کے خاتمے میں طلباء کے اہم کردار پر تبادلہ خیال کیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر نیب خرم شہزاد نے طلباء سے خطاب کے دوران اس بات پر زور دیا کہ نوجوان طلباء معاشرے میں تبدیلی کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کریں ۔ انہوں نے طلباء کو تلقین کی کہ وہ اپنی زندگیوں میں دیانتداری اور احتساب کو بنیاد بنائیں اور بدعنوانی سے نفرت کو اپنی شخصیت کا حصہ بنائیں۔اسلامی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خود احتسابی اور دیانت داری اسلام کے بنیادی اصول ہیں، اور بدعنوانی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا ۔ اقربا پروری، رشوت، سفارش، زور زبردستی اور جانبداری کو کرپشن کی اقسام کے طور پر گرداناگیا اور اس بات پر افسوس کا اظہار کیا گیا کہ یہ رویے ہمارے معاشرے میں معمول بن چکے ہیں۔ اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ طلباء بدعنوانی کے خلاف شعور حاصل کر یں تا کہ ایمانداری، دیانتداری اور جوابدہی کے درس کومزید فروغ دیا جا سکے ۔ معاشرے کے اہم ارکان کے طور پر طلباء کی اجتماعی کوششیں بدعنوانی سے پاک معاشرے کی بنیاد رکھنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب احتشام الحق نے طلباء سے پروگرام کے عنوان کے حوالے سے خطاب کیا اور طلباء کی جانب سے کرپشن سے متعلق کیے گئے سوالات کے جوابات دئیے۔ لسبیلہ یونیورسٹی کے ڈین ڈاکٹر ناصر عباس نے بھی اپنے خطاب میں اس امر پر زور دیا کہ طلباء اگے بڑھیں اور کرپشن کے خاتمے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ مزید براں انہوں نے نیب بلوچستان کی جانب سے انسداد بدعنوانی کے لیے کی جانے والی کوششوں کو بھی سراہا اور آئندہ بھی اس مہم میں یونیورسٹی کی جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
قومی احتساب بیورو بلوچستان کا لسبیلہ یونیورسٹی آف اگریکلچر ، واٹر اینڈ مینجمنٹ سائنسز ، اوتھل کے تعاون سے “نیب کے کام کا طریقہ کار اور بدعنوانی کے خاتمے میں طلباء کے کردار” کے موضوع پر Webinar کا انعقاد

