کوئٹہ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے2افراد جاں بحق جبکہ 3زخمی ہوگئےٗ،مشتعل افراد نے واقعہ کے خلاف احتجاجاً مغربی بائی پاس ٹریفک کیلئے بند کردیا
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)کوئٹہ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 2افراد جاں بحق جبکہ 3زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق اتوار کو کوئٹہ کے علاقہ ہزار گنجی سبزی منڈی کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 2افراد حاجی موسیٰ سکنہ ہزارہ ٹاؤن اور احمد علی جاں بحق جبکہ 3افراد چمن علی، جعفر علی اورایک نامعلوم شخص زخمی ہوگئے جاں بحق ورزخمی ہونے والے افراد کا تعلق ہزارہ قوم(اہل تشیع) سے تھا۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اورقانون نافذکرنے والے اداروں کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی نعشوں اورزخمیوں کوفوری طورپر ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں نعشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئیں جبکہ ہسپتال میں ایک زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تلاش شروع کردی۔ واقعہ کے خلاف ہزار ہ قوم سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں،مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان ترجمان کاشف حیدری نے مغربی بائی پاس کو رکاوٹیں کھڑی کریں ہرقسم کی آمدورفت کیلئے بند کردیا۔کاشف حیدری اوردیگر مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ معصوم اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث دہشت گرد عناصر کو فوری طورپرگرفتار کرکے قرار واقعی سزادی جائے۔مغربی بائی پاس ہرقسم کی ٹریفک کیلئے بند ہونے کی وجہ سے سڑک کے دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی لمبی لائنیں لگ گئیں شہریوں اورمسافروں کو مشکلات کاسامنا کرنا پڑا۔
کوئٹہ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے2افراد جاں بحق جبکہ 3زخمی ہوگئےٗ،مشتعل افراد نے واقعہ کے خلاف احتجاجاً مغربی بائی پاس ٹریفک کیلئے بند کردیا

ٹیگز:
کوئٹہ
