کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ضلع ہرنائی میں حالیہ ژالہ باری، شدید بارشوں، تیز ہواؤں اور ندی نالوں میں طغیانی کی صورتحال نے پورے علاقے کو بری طرح متاثر کرتے ہوئے تباہی سے دوچار کر دیا ہے۔ اس قدرتی آفت کے نتیجے میں ہرنائی ضلع کا انفراسٹرکچر شدید متاثر ہوا ہے اور معمولاتِ زندگی مکمل طور پر مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس وقت ہرنائی میں بیشتر سڑکیں اور پل بہہ چکے ہیں، جبکہ کسانوں کی تیار فصلیں مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہیں، جس سے زرعی معیشت کو شدید دھچکا پہنچا ہے۔ متعدد علاقوں میں آمد و رفت کے تمام راستے بند ہو چکے ہیں، جس کی وجہ سے ایک سنگین انسانی بحران نے جنم لیا ہے اور متاثرہ آبادی شدید مشکلات کا شکار ہے۔ مزید کہا گیا کہ بروقت کارروائی اور سڑکوں کی بحالی نہ ہونے کے باعث ہرنائی کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا ہے۔ اس وقت ہرنائی آنے جانے کے لیے کوئی محفوظ اور قابلِ استعمال راستہ موجود نہیں، جس کے باعث اشیائے خورد و نوش اور ادویات کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے اور عوام بنیادی ضروریات سے محروم ہو چکے ہیں۔ پریس ریلیز میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ حکومت فوری اور ہنگامی بنیادوں پر ریسکیو اور بحالی کے اقدامات شروع کرے، متاثرہ علاقوں تک رسائی بحال کرنے کے لیے سڑکوں اور پلوں کی تعمیر و مرمت کا کام ترجیحی بنیادوں پر کیا جائے، اور متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔ مزید برآں، بیان میں اس بات پر زور دیا گیا کہ نقصانات کا جامع سروے کر کے متاثرہ کسانوں، تاجروں اور عام شہریوں کو مناسب مالی امداد اور معاوضہ دیا جائے تاکہ وہ دوبارہ اپنے معمولاتِ زندگی بحال کر سکیں اور اس مشکل صورتحال سے نکل سکیں۔
حکومت ہرنائی میں فوری اور ہنگامی بنیادوں پر ریسکیو اور بحالی کے اقدامات شروع کرے : پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی

ٹیگز:
پشتونخوا نیشنل
