لاہور (ڈیلی گرین گوادر)
عالمی یومِ خواتین کے موقع پر حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کے زیرِ اہتمام ایک خصوصی سیمینار کا انعقاد کیا گیا-سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ اسلام نے عورت کو روحانی، معاشی، سماجی اور سیاسی سطح پر واضح حقوق عطا کیے ہیں مگر افسوس کہ عملی طور پر خواتین کو اکثر ان کے جائز حقوق سے محروم رکھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین خاندانی نظام کی مضبوط بنیاد ہیں اور ایک باوقار اور پرامن معاشرے کی تعمیر میں ان کا کردار ناگزیر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ونی، قرآن سے شادی اور اس جیسی فرسودہ رسومات کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں بلکہ یہ جاگیردارانہ اور غیر اسلامی روایات ہیں جن کے خاتمے کے لیے ریاست اور معاشرے کو مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے اسلامی تاریخ کی عظیم شخصیات حضرت خدیجہؓ اور حضرت عائشہؓ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ان کی سیرت آج کی خواتین کے لیے بہترین رہنمائی فراہم کرتی ہے۔ ڈاکٹر حمیرا طارق نے اس بات پر زور دیا کہ اسلامی تعلیمات خواتین کو عزت و تحفظ فراہم کرتی ہیں اور انہی اصولوں پر عمل کر کے معاشرے کو حقیقی توازن اور استحکام دیا جا سکتا ہے۔ڈپٹی سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی نے کہا کہ پاکستانی خواتین آج معاشی دباؤ، عدم تحفظ اور سماجی ناانصافی جیسے کئی چیلنجز کا سامنا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی تعلیم، خود اعتمادی اور معاشی خود کفالت کو فروغ دینا ایک مضبوط معاشرے کی تشکیل کے لیے ضروری ہے اور ریاست کو اس حوالے سے سنجیدہ اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔جماعت اسلامی نے اپنے منشور میں خواتین کے حقوق کا مکمل چارٹر پیش کیا ہے جو اسے مکمل تحفظ اور اسلام کے عطا کردہ حقوق فراہم کرتا ہے – انہوں نے مزید کہا کہ عورت کی خوشحالی چاہیے تو امن ضروری ہے اس کا واحد راستہ دین اسلام کے نظام کا نفاذ ہے ۔اج پوری دنیا کی عورت چاہے وہ کسی مذہب اور مسلک سے ہو ، میں اسے دعوت دوں گی کہ وہ دین اسلام کو قبول کرے ، صرف دین اسلام ہی امن کا گہوارہ ہے- ہم ہر خاتون کے دل کو قرآن حکیم کے نور سے منور کریں گے اس وقت پورے پاکستان میں آٹھ ہزار مقامات پر دورہ تفسیر کے مراکز بنے ہیں – بارہ لاکھ خواتین قرآن کی تعلیم سےمستفید ہو رہی ہیں- اور ان شاءاللہ یہ خواتین قران کے عطا کردہ حقوق و فرائض کو اچھے انداز میں سمجھ جائیں گی- ڈپٹی سیکرٹری ثمینہ سعید نے اپنے خطاب میں کہا کہ عورت دراصل خاندان اور معاشرے کی معمار ہے اور اس کی مثبت تربیت سے ہی ایک صالح اور متوازن معاشرہ تشکیل پاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو اپنی صلاحیتوں کو مثبت انداز میں استعمال کرتے ہوئے نئی نسل کی اخلاقی اور فکری تربیت میں اپنا مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا کہ حلقہ خواتین کی ذمہ داران اور مدرسین نے دورہ تفسیر کے منظم پروگرام۔ ہر دل تک قران کا کامیابی سے انعقاد کر کے ملک بھر کی خواتین کی حقیقی قیادت اور مبلغین کا کردار ادا کیا -صدر وسطی پنجاب نازیہ توحید نے کہا کہ اسلام نے عورت کو جو عزت اور مقام دیا ہے وہ دنیا کے کسی دوسرے نظام میں نہیں ملتا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین کو تعلیم، شعور اور کردار کی طاقت کے ساتھ معاشرے میں مثبت تبدیلی کے لیے آگے بڑھنا ہوگا۔صدر حلقہ لاہور عظمیٰ عمران نے کہا کہ عالمی یومِ خواتین ہمیں اس امر کی یاد دہانی کراتا ہے کہ خواتین کے تحفظ، تعلیم اور ترقی کے لیے عملی اقدامات ناگزیر ہیں تاکہ خواتین ایک محفوظ اور باوقار ماحول میں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکیں۔سیمینار میں “یوتھ پارلیمنٹ” کے عنوان سے ایک متاثر کن ٹیبلو بھی پیش کیا گیا جس میں مسلم نوجوانوں اور بالخصوص نوجوان خواتین کو درپیش مسائل اور ان کے مطلوب حقوق کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا گیا جسے شرکاء نے بے حد سراہا۔سیمینار کے اختتام پر حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مہنگائی اور ٹیکسوں کے بڑھتے ہوئے بوجھ کو کم کر کے خواتین خصوصاً گھریلو اور ملازمت پیشہ طبقے کو ریلیف دیا جائے، خواتین کے تحفظ اور وقار کو یقینی بنانے کے لیے تشدد اور ہراسگی کے واقعات کی روک تھام کے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور خواتین کی فلاح و خود کفالت کے منصوبوں کو شفاف اور مؤثر بنایا جائے۔ ساتھ ہی میڈیا میں عورت کی غیر اخلاقی اور غیر ذمہ دارانہ پیشکش کو روکنے کے لیے بھی سنجیدہ اقدامات کیے جائیں تاکہ معاشرے میں مثبت اقدار کو فروغ مل سکے۔مقررین نے عالمی یومِ خواتین کے موقع پر فلسطین اور کشمیر کی مظلوم خواتین کی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ ان کے بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ اور آزادی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں آخر میں بتایا گیا کہ سیمینار میں ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر زبیدہ جبیں اور نگران ماسٹر ٹرینر پروگرام انیلہ محمود بھی موجود تھیں۔
خواتین کو اسلام کے عطا کردہ حقوق اور محفوظ معاشرتی ماحول کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے: ڈاکٹر حمیرا طارق

ٹیگز:
ڈاکٹر حمیرا طارق
