کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)چیمبرآ ف کا مر س اینڈ انڈسٹری کو ئٹہ بلو چستان کے عہدیداران نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ بڑے اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے اثرات غریب اور متوسط طبقے کے ساتھ ساتھ کاروباری برادری کے لیے بھی انتہائی نقصان دہ ثابت ہوں گے۔ چیمبرآ ف کا مر س اینڈ انڈسٹری کو ئٹہ بلو چستان کے صدر حاجی محمد ایوب مریانی، سینئر نائب صدرحاجی اختر کاکڑاور نائب صدر انجینئر میر وائس خان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں راتوں رات فی لیٹر 55روپے تک ریکارڈ اضافہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب ملک کی معیشت پہلے ہی شدید مشکلات سے دوچار ہے اور صنعتوں کو چلانا دن بدن مشکل ہوتا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے نہ صرف صنعتوں کا پہیہ مزید سست پڑ جائے گا بلکہ مصنوعات کی پیداواری لاگت اور ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔ اس کے نتیجے میں کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوں گی اور معیشت پر مزید بوجھ پڑے گا۔چیمبر کے عہدیداران کا کہنا تھا کہ پہلے ہی زیادہ شرح سود، مہنگی توانائی اور بھاری ٹیکسوں کے باعث بزنس کمیونٹی شدید دباؤ کا شکار ہے ایسے میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کاروباری طبقے کے لیے مزید مشکلات پیدا کرے گا۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے فیصلے کو فوری طور پر واپس لیا جائے اور کاروباری طبقے سمیت عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ خطے میں کشیدگی کے تناظر میں سپلائی چین کو برقرار رکھنے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں اور عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے اثرات کو کم سے کم عوام تک منتقل کیا جائے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے نہ صرف صنعتوں کا پہیہ مزید سست پڑ جائے گا ،چیمبرآ ف کا مر س اینڈ انڈسٹری کو ئٹہ بلو چستان

ٹیگز:
چیمبرآ ف کا مر س
