کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں وفاقی حکومت کی طرف سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 55 روپے اضافے کے فیصلے کو شدید ظلم، عوام دشمن اور ناقابلِ قبول اقدام قرار دیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ حالیہ اضافے کے بعد پیٹرول کی قیمت 321 روپے 17 پیسے اور ڈیزل کی قیمت 335 روپے 86 پیسے فی لیٹر تک پہنچ چکی ہے، جو پہلے ہی شدید معاشی مشکلات سے دوچار عام شہریوں، مزدوروں، کسانوں اور متوسط طبقے کے لیے کسی صورت قابلِ برداشت نہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اس قدر بھاری اضافہ محض اعداد و شمار کا معاملہ نہیں بلکہ اس کے براہِ راست اثرات عوام کی روزمرہ زندگی پر مرتب ہوں گے۔ ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ، اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں مزید مہنگائی اور روزمرہ ضروریاتِ زندگی کی لاگت میں غیر معمولی اضافہ اس فیصلے کے فوری نتائج ہوں گے۔ پارٹی کے مطابق حکومت نے یہ فیصلہ کرتے وقت عوام کے بنیادی مسائل، غربت، بے روزگاری اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کو مکمل طور پر نظر انداز کر دیا ہے۔ پریس ریلیز میں کہا گیا کہ ملک میں پہلے ہی مہنگائی اپنی انتہا کو پہنچ چکی ہے اور عام آدمی کی قوتِ خرید شدید متاثر ہو چکی ہے۔ ایسے حالات میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ دراصل عوام پر ایک اور معاشی بوجھ ڈالنے کے مترادف ہے۔ پارٹی کے مطابق یہ فیصلہ مہنگائی کی تاریخ میں ایک سیاہ باب کی حیثیت رکھتا ہے جس کے اثرات معاشرے کے ہر طبقے پر پڑیں گے، خصوصاً وہ لوگ جو یومیہ اجرت پر زندگی گزار رہے ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے نہ صرف ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ ہوگا بلکہ زرعی شعبہ بھی بری طرح متاثر ہوگا، کیونکہ کسانوں کی پیداوار کی لاگت میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔ اس کے نتیجے میں خوراک کی قیمتیں بڑھیں گی اور مہنگائی کی نئی لہر پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے لے گی۔ پارٹی کے مطابق حکومت کی معاشی پالیسیوں کا بوجھ مسلسل غریب اور متوسط طبقے پر ڈالا جا رہا ہے جبکہ بڑے سرمایہ دار اور مراعات یافتہ طبقات بدستور سہولتوں سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس ظالمانہ اور عوام دشمن فیصلے کے خلاف متحد ہو کر آواز بلند کریں، جمہوری اور آئینی طریقوں سے احتجاج کریں اور حکومت کو مجبور کریں کہ وہ عوامی مفاد کے خلاف ایسے اقدامات واپس لے۔ پارٹی کے مطابق یہ وقت خاموش رہنے کا نہیں بلکہ اجتماعی شعور اور متحد عوامی آواز کے ذریعے اپنے حقوق کے دفاع کا ہے۔ پارٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔ مہنگائی کے طوفان کو روکنے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ معاشی پالیسیوں میں عوامی مفاد کو اولین ترجیح دی جائے اور فیصلے کرتے وقت غریب اور متوسط طبقے کی مشکلات کو مدِنظر رکھا جائے۔ بیان کے اختتام پر پارٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ہر سطح پر عوام کے ساتھ کھڑی رہے گی اور مہنگائی، معاشی ناانصافی اور عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف سیاسی و جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی۔ پارٹی نے واضح کیا کہ اگر حکومت نے اس فیصلے کو واپس نہ لیا تو عوامی دباؤ اور جمہوری احتجاج کے ذریعے اسے واپس لینے پر مجبور کیا جائے گا۔
وفاقی حکومت کی طرف سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 55 روپے اضافہ عوام دشمن اور ناقابل قبول ہے،پشتونخوانیشنل عوامی پارٹی

