کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)امیر جمعیت علمائے اسلام بلوچستان سینیٹر مولانا عبدالواسع نے ایوانِ بالا میں پاک افغان کشیدگی پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی قومی سلامتی کے حوالے سے پائے جانے والے خدشات قطعی طور پر بے بنیاد نہیں بلکہ زمینی حقائق پر مبنی ہیں۔ افغانستان پر لازم ہے کہ وہ پاکستان کے جائز اور مجوزہ سیکیورٹی مطالبات پر سنجیدگی سے عمل درآمد کو یقینی بنائے، تاکہ سرحدی استحکام اور باہمی اعتماد کی فضا بحال ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ پینتالیس برس کے دوران ہر کڑے مرحلے پر افغان عوام کا ساتھ دیا، اپنی معیشت، امن اور داخلی استحکام کو داؤ پر لگا کر برادرانہ ذمہ داری نبھائی۔ بدقسمتی سے آج بھی یہی خطہ عالمی سازشوں کی آماجگاہ بنا ہوا ہے اور سرحدی پٹی خصوصاً پاکستان دشمن عناصر کی میلی نگاہوں کا مرکز ہے۔ ایسی قوتیں جو خطے میں امن کے قیام سے خائف ہیں، دانستہ طور پر اشتعال، دراندازی اور عدم استحکام کو ہوا دے رہی ہیں۔سینیٹر مولانا عبدالواسع نے کہا کہ نام نہاد اسٹریٹجک معاہدات، بالخصوص دوحہ معاہدہ، خطے میں پائیدار امن لانے میں ناکام رہے بلکہ بعض پہلوؤں سے نئی پیچیدگیاں پیدا ہوئیں۔ اٹک تک کے دعوے کرنے والے عناصر انتشار اور آگ کو ہوا دینے کے سوا کوئی مثبت کردار ادا نہیں کر رہے، جبکہ بعض بیرونی طاقتیں، جن میں اسرائیل اور بھارت شامل ہیں، اس کشیدگی کو اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ یہ صورتحال برادر مسلم ممالک کے خلاف ایک منظم عالمی چال کا شاخسانہ محسوس ہوتی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ اگرچہ پاکستان کی سیکیورٹی شکایات اور تحفظات بجا ہیں، تاہم جذباتی اور غیر محتاط طرزِ عمل دونوں ممالک کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ یکطرفہ عسکری مہم جوئی مسائل کا حل نہیں بلکہ پیچیدگیوں میں اضافے کا باعث بنے گی۔ اس کے برعکس، دوطرفہ مفادات، قابلِ اعتماد سیکیورٹی فریم ورک، سرحدی نظم و ضبط اور بین الاقوامی مسلمہ اصولوں کی روشنی میں سنجیدہ اور نتیجہ خیز سفارت کاری ہی دیرپا امن کی ضمانت بن سکتی ہے۔آخر میں انہوں نے دونوں برادر اسلامی ممالک سے تحمل، بردباری اور ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرنے کی اپیل کرتے ہوئے فوری جنگ بندی پر زور دیا، اور خطے میں امن کے خواہاں ممالک سے پرامن اور مؤثر سفارتی کردار ادا کرنے کی توقع ظاہر کی، تاکہ پاک۔افغان تعلقات کو تصادم کے بجائے تعاون اور استحکام کی راہ پر گامزن کیا جا سکے
افغانستان پاکستان کے جائز اور مجوزہ سیکیورٹی مطالبات پر سنجیدگی سے عمل درآمد کو یقینی بنائے،سینیٹر مولانا عبدالواسع

ٹیگز:
مولانا عبدالواسع
