کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نےگورنر ہاؤس کوئٹہ میں بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز، کوئٹہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شبیر احمد لہڑی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر صوبے کے شعبۂ اعلیٰ تعلیم، خصوصاً بولان میڈیکل یونیورسٹی کی حالیہ کارکردگی اور پیش رفت پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ گورنر بلوچستان نے یونیورسٹی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ صرف دو سال کے مختصر عرصے میں جامعہ کی درجہ بندی 15 فیصد سے بڑھ کر 58.5 فیصد تک پہنچ جانا ایک تاریخی کامیابی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نئے داخلوں کے بعد زیرِ تعلیم طلبہ کی تعداد 4000 تک پہنچ چکی ہے، جو وائس چانسلر اور ان کی ٹیم کی مسلسل محنت اور مؤثر حکمتِ عملی کا نتیجہ ہے۔انہوں نے گزشتہ برس متعارف کرائے گئے 12 نئے شعبہ جات، جن میں شعبۂ نرسنگ (تیمارداری)، دندان سازی (ڈینٹل) اور حال ہی میں شروع کیا جانے والا جمالیاتی جراحی (ایستھیٹک سرجری) کا نصاب شامل ہے، کو دورِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ اہم اقدام قرار دیا۔گورنر بلوچستان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو عالمی معیار کی طبی مہارتوں سے آراستہ کر کے بیرونِ ملک روزگار کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں، جو بے روزگاری کے خاتمے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ طبی تعلیم اور جدید تحقیق کے درمیان توازن برقرار رکھتے ہوئے بولان میڈیکل یونیورسٹی کو مستقبل میں اعلیٰ تعلیمی میدان کی ایک مضبوط اور نمایاں قوت بنایا جائے گا۔
گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل سے بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسزکوئٹہ کے وائس چانسر پروفیسر شبیر احمد لہڑی کی ملاقات

ٹیگز:
شبیر احمد لہڑی
