کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رکن بلوچستان اسمبلی زرک خان مندوخیل، شامیل خان مندوخیل، صلاح الدین کبزئی،پنجاب کے صوبائی رہنما واصف حیدر نے خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت کے خاتمے کو ایک اہم سیاسی پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ گورنر راج اور آئین کے تحت ایمرجنسی کا نفاذ صوبے کے امن و امان اور بقا کے لیے ناگزیر ہو چکا تھاخیبرپختونخوا کے عوام کو ”یوم نجات‘‘ مبارک ہو۔یہ بات انہوں نے اتوار کو سرینا چوک کوئٹہ پر ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی زرک خان مندوخیل کے دفتر سے ایک ریلی نکالی گئی جو مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی سریناچوک پہنچ کر جلسے کی شکل اختیار کرگئی ریلی کے شرکاء نے پاکستانی پرچم اٹھارکھے تھے اور وہ وفاقی حکومت اور پاک فوج کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے۔زرک خان مندوخیل نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے صوبہ خیبر پختونخوا کے عوام کو یوم نجات کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے با ر بار پی ٹی آئی اور خیبرپختونخوا کی حکومت کو مذاکرات کے ذریعے تمام معاملات مل بیٹھ کر حل کرنے کی دعوت دی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا مذاکرات میں طے پانے والے معاہدے سے پیچھے ہٹ گئے اور دہشت گردی کے واقعات کو پس پشت ڈالتے ہوئے اسلام آباد پر چڑھائی کا منصوبہ بنایا جو کسی بھی طرح ملک اور خیبرپختونخوا کے عوام کے حق میں نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ جب پی ٹی کی قیادت اور خیبر پختونخوا حکومت اپنے مذموم ارادوں سے پیچھے نہیں ہٹی تو وفاقی حکومت کو مجبوراً اتحادیوں کو اعتماد میں لیکر خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور آئین کے تحت ایمرجنسی کا نفاذ کرنا پڑتا۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج اورایمرجنسی کے نافذ کے بعد وہاں کے عوام کو ایک ڈکٹیٹر اور نا اہل حکومت سے نجات ملی ہے خیبرپختونخوامیں پی ٹی آئی کی گزشتہ 13سال سے حکومت قائم ہے جس نے صوبے کے عوام کی ترقی و خوشحالی کی بجائے اپنے مذموم مقاصد کیلئے ہمیشہ صوبے کے عوام کو استعمال کیا اور صوبے کی ترقی کیلئے آنے والے فنڈز عوام کی ترقی پرخرچ کرنے کی بجائے لانگ مارچ پر خرچ کئے جس کی وجہ سے خیبر پختونخوا کے عوام آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام ملک اور خاص کرخیبر پختونخوا سے دہشت گردی کے خاتمے اور ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے پاک فوج اور وفاقی حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں اور کسی بھی منفی سرگرمی کا حصہ نہیں بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے سازشی ٹولے کو مسترد کریا ہے اوراب انکی سازشوں میں نہیں آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام کسی بھی صورت قانون ہاتھ میں لینے،شرانگیزی یا امن و امان میں خلل ڈالنے کی ہرگز کوشش نہ کریں اگرکسی نے ایسا کرنے کی کوشش کی تو قانون اسکے خلاف ضرور حرکت میں آئے گا۔
خیبرپختونخوا کے عوام کو ”یوم نجات‘‘ مبارک ہو، زرک خان مندوخیل

ٹیگز:
زرک خان مندوخیل
