کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ آج 8فروری کے ہڑتال کو کامیاب بنانے کے لیے عوام نے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ 8فروری وہ سیاہ دن ہے جب زروزور کی بنیاد پر عوام کے مینڈیٹ کو چھینا گیا اور ان کے حقیقی نمائندوں سے جیتی ہوئی نشستیں چھین کر جعلی نمائندوں کو مسلط کیا گیا جنہوں نے اپنی کرپشن، کمیشن، اقرباء پروری، پرسنٹ کو ترجیح دیکر عوام پر بدترین مہنگائی، بیروزگاری،بدامنی مسلط کی۔ ملک میں آئین کی بالادستی، جمہور کی حکمرانی، قوموں کی برابری پر مبنی حقیقی جمہوری فیڈریشن کے قیام، پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور تمام سیاسی اسیران کی رہائی کے لیے اور مسلط نام نہاد حکومت سے نجات کے لیے تمام جمہوریت پسند،عوام دوست قوتوں نے پہیہ جام وشٹرڈاؤن ہڑتال کو کامیاب بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال، مرکزی سیکرٹری ڈاکٹر حامد خان اچکزئی، مرکزی سیکرٹری عبدالحق ابدال، صوبائی سینئر نائب صدر سید شراف آغا، صوبائی نائب صدر مجید خان اچکزئی، صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان،صوبائی ایگزیکٹیوز، ضلع معاونین، پشتونخوا ایس او کے مرکزی آرگنائزر سیف اللہ خان، زونل آرگنائزر وارث افغان، ضلع کوئٹہ کے سینئر معاون سیکرٹری واسع سنزر ودیگر نے 8فروری کے پہیہ جام وشٹرڈاؤن ہڑتال کی کامیابی کے سلسلے میں کوئٹہ میں منعقدہ اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مقررین نے پارٹی کے مرکزی، صوبائی،ضلعی اورتحصیل سٹی کے مشترکہ اجلاس، صدر تحصیل، کچلاغ تحصیل کمیٹی، تحصیل سریاب اور پشتونخوا سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے اجلاسوں سے علیحدہ علیحدہ خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مقررین نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آج پہیہ جام وشٹرڈاؤن ہڑتال کے دن اپنے گھروں سے نہ نکلیں اور اس جمہوری احتجاج میں سیاسی جمہوری جدوجہد تحریک تحفظ آئین پاکستان کا ساتھ دیں۔ کیونکہ یہی تحریک ملک کے عوام کی نجات دہندہ اور ملک کے متفقہ آئین کی تحفظ اور بالادستی کے لیے جدوجہد کررہی ہے اور جب تک آئین کو اصل روح کے مطابق بحال نہیں کیا جاتا تب تک ملک کے بحرانوں کا خاتمہ ناممکن ہے۔ مقررین پارٹی کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ ہڑتال کی کامیابی کے لیے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں اور اپنے مقررہ پوائنٹس پر بروقت پہنچ کر اپنی ذمہ داریاں نبھائیں اور شام 4بجے تک ہڑتال کر پر امن طور پر ختم کیا جائے۔
8فروری وہ سیاہ دن ہے جب زروزور کی بنیاد پر عوام کے مینڈیٹ کو چھینا گیا،عوام آج ہڑتال کو کامیاب بنائیں، عبدالرحیم زیارت وال

ٹیگز:
عبدالرحیم زیارت وال
