لاہور (ڈیلی گرین گوادر)حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی ڈپٹی سیکرٹری اور ڈائریکٹر میڈیا سیل ثمینہ سعید نے وفد کے ہمراہ پریس کلب لاہور کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے پریس کلب لاہور کے نو منتخب صدر محمد ارشد انصاری اور نائب صدر ناصرہ عتیق کو پریس کلب کے الیکشن میں ان کی کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی جانب سے نو منتخب عہدیداران کو تحائف اور گلدستے پیش کیے گئے۔ ملاقات کے دوران مستقبل میں باہمی روابط کو مضبوط بنانے، مثبت اور تعمیری تعلقات کے فروغ اور خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ثمینہ سعید نے کہا کہ صحافت کسی بھی جمہوری معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی ہے، اور ایک مضبوط، آزاد اور باوقار میڈیا ہی عوام کی حقیقی آواز بن سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی صحافتی برادری کے ساتھ باہمی احترام، اعتماد اور تعاون پر مبنی تعلقات کی خواہاں ہے، تاکہ معاشرے میں سچ، انصاف اور مثبت اقدار کو فروغ دیا جا سکے۔ان کا کہنا تھا کہ خواتین صحافیوں کا کردار نہایت اہم ہے، اور ہمیں خوشی ہے کہ پریس کلب لاہور کی قیادت میں خواتین کی نمائندگی بھی مضبوط ہو رہی ہے، جو خوش آئند قدم ہے۔پریس کلب لاہور کے صدر محمد ارشد انصاری اور نائب صدر ناصرہ عتیق نے اس دورے پر حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔اس موقع پر ثمینہ سعید کے ہمراہ ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات شہناز عاصمہ، وائس پریذیڈنٹ لاہور شازیہ عبدالقادر، سیکرٹری اطلاعات وسطی پنجاب صفیہ ناصر اور ان کی نائبین شازیہ محمود اور زیبا بھی موجود تھیں۔
پریس کلب لاہور کے نو منتخب صدر محمد ارشد انصاری اور نائب صدر ناصرہ عتیق کو پریس کلب کے الیکشن میں ان کی کامیابی پر دلی مبارکباد ، ثمینہ سعید

ٹیگز:
ثمینہ سعید
