ڈیووس (ڈیلی گرین گوادر) وزیراعظم شہبازشریف نےکہا کہ ڈیووس میں حالیہ ملاقات کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ان سے سوال کیا، ’’میرے پسندیدہ فیلڈ مارشل کیسے ہیں؟‘‘ وزیراعظم نے بتایا کہ انہوں نے جواب میں مہمانوں کی اگلی صف میں بیٹھے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جانب اشارہ کیا۔ امن بورڈ کے معاہدے پر ارکان کی کے دستخط کی تقریب کے دوران دنیا بھر کے ٹی وی چینلز نے وزیراعظم شہباز شریف اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو فیلڈ مارشل کی جانب اشارہ کرتے ہوئے دکھایا۔ دی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے ورلڈ اکنامک فورم کے ڈیووس میں ہونےوالے اجلاس کے موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ہونے والی مختصر ملاقات کی تفصیلات بھی شیئر کیں اور کہا کہ انہوں نے غزہ کیلئے بورڈ آف پیس کے قیام کے اقدام پر صدر ٹرمپ کو سراہا، جسے انہوں نے جنگ سے متاثرہ خطے میں امن کی بحالی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔ وزیراعظم نے کہا، ’’میں نے صدر ٹرمپ سے کہا کہ اگر وہ فلس طینی عوام کیلئے امن، وقار اور بنیادی حقوق کو یقینی بنانے میں کامیاب ہو جاتے ہیں اور غزہ کی تعمیر نو کا معاملہ کامیاب ہوا تو تاریخ اس اقدام کو ان کی عظیم وراثت کے طور پر یاد رکھے گی۔‘‘ اس موقع پر وزیراعظم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے خاتمے میں صدر ٹرمپ کے موثر کردار کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا، ’’مسٹر پریذیڈنٹ، تاریخ آپ کو ایک ایسے عظیم رہنما کے طور پر یاد رکھے گی جس نے بروقت اور موثر انداز سے مداخلت کرکے خطے میں لاکھوں جانیں بچائیں۔‘‘
ڈیووس` امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شہبازشریف سے سوال ’’میرے پسندیدہ فیلڈ مارشل کیسے ہیں؟‘‘

ٹیگز:
ڈیووس
