کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)کمشنر کوئٹہ ڈویژن شازیب خان کاکڑ نے آج لیاقت بازار میں آتشزدگی سے متاثرہ پلازہ کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر صدر انجمن تاجران بلوچستان رحیم خان کاکڑ سمیت دیگر تاجر رہنما اور دکاندار بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔کمشنر کوئٹہ ڈویڑن نے متاثرہ پلازہ کے مختلف حصوں اور دکانوں کا جائزہ لیا جبکہ انجمن تاجران کی جانب سے انہیں واقعے کی نوعیت اور آگ لگنے سے ہونے والے نقصانات سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔کمشنر نے متاثرہ تاجروں اور دکانداروں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔اس موقع پر کمشنر شازیب خان کاکڑ نے متاثرہ تاجروں کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے مکمل تحقیقاتی رپورٹ اور قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد تاجروں کے نقصانات کے ازالے کے لیے سفارشات اعلیٰ حکام کو ارسال کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان متاثرہ افراد کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔کمشنر کوئٹہ ڈویڑن نے بتایا کہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122، فائر بریگیڈ، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کی ٹیموں نے بروقت اور مربوط کارروائی کرتے ہوئے کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر مکمل طور پر قابو پا لیا۔ خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا، تاہم آگ لگنے کے باعث تجارتی سامان اور املاک کو بھاری مالی نقصان پہنچا ہے، جس کے ازالے کے لیے حکومت بلوچستان اعلیٰ سطح پر اقدامات کرے گی۔ انہوں نے تمام اداروں کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے حفاظتی اقدامات کو مزید موثر بنایا جائے گا۔
حکومت بلوچستان آگ سے متاثرہ افراد کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی، شازیب کاکڑ

ٹیگز:
شازیب کاکڑ
