کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ پریس ریلیز میں گرینڈ الائنس ملازمین کے احتجاج پر لاٹھی چارج، گرفتاریوں، چھاپوں، انٹرنیٹ، نیٹ ورک کی بندش کے اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے غیر آئینی، غیر جمہوری اور غیر قانونی قرار دیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت ملازم کُش اقدامات کے ذریعے خود ملازمین کو احتجاج پر مجبور کررہی ہے اگر ان ملازم دشمن اقدامات کو ترک کرکے فوری طور پر DRAودیگر جائز مطالبات کو تسلیم کیا جائے اور ملازمین کے ساتھ اپنے وعدوں کی پاسداری کو یقینی بنائے تو ملازمین اپنے احتجاج سے دستبردار ہوں گے۔ گزشتہ سال ملازمین کے سخت احتجاج کے باعث حکومت نے دیگر صوبوں کی طرز پر DRAکی فراہمی کا وعدہ کرتے ہوئے ان کے مطالبات کو تسلیم کیا لیکن مسلسل ٹال مٹول کے باعث ملازمین کو تشویش میں ڈالا گیا اور اب حکومت کی جانب سے مسلسل DRAسے انکار کی روش نے ملازمین کو ایک بار پھر احتجاج پرمجبور کر رکھا ہے۔ لیکن احتجاج کے دوران ملازمین کے گھروں، دفاتر، تعلیمی اداروں پر چھاپے، مرد وخواتین آفیسران، اساتذہ کو دھمکیاں دینا،ان کے ساتھ غیر انسانی رویہ اختیار کرنا، لاٹھی چارج، گرفتاریوں کا عمل غیر آئینی، غیر انسانی، غیر قانونی اور غیر جمہوری عمل ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ احتجاج کے باعث کوئٹہ کے لاکھوں شہریوں پر انٹرنیٹ، موبائل نیٹ ورک کی بندش، تمام شاہراہوں پر کنٹینرز رکھ کر شاہراہیں بند کرنے اور شہرکا سیکورٹی فورسز کے ذریعے محاصرہ کرکے خوف وہراس قائم کرنا اور ملازمین کوجمہوری احتجاج سے دستبردار کرنے کا ناروا عمل قابل مذمت اور قابل گرفت ہے۔ بیان میں کہا گیاہے کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی گرینڈ الائنس ملازمین کے جمہوری احتجاج، ڈی آر اے کی فراہمی اور دیگر جائز مطالبات میں شروع دن سے احتجاج کی حمایت جبکہ مسلط حکومت کی ناروا اقدامات کی مخالفت کرتی چلی آئی ہے۔اگر حکومتی روش اسی طرح جاری رہی تو پارٹی گرینڈ الائنس ملازمین کے احتجاج کا حصہ بننے اور حکومت کے خلاف تحریک چلانے میں حق بجانب ہوگی۔
کوئٹہ میں گرینڈالائنس کے احتجاج پر لاٹھی چارج اورگرفتاریاں قابل مذمت ہیں،پشتونخواملی عوامی پارٹی

ٹیگز:
پشتونخوا
