کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی نائب صدر سینیٹر آغا شاہ زیب درانی کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امورکا چیئرمین مقررکردیا گیا، آغا شاہ زیب درانی بلوچستان سے تعلق رکھنے والے پہلے کم عمر چیئرمین ہیں،چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضاء گیلانی نے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی نائب صدر سینیٹر آغا شاہ زیب درانی کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کا چیئرمین مقرر کیا ہے اس سے پہلے وہ قائمہ کمیٹی برائے کم ترقی یافتہ علاقہ جات کے چیئرمین تھے۔ سینیٹر آغا شاہ زیب درانی نے رابطہ کرنے پر سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کی چیئرمین شپ کو اپنے اور بلوچستان کیلئے ایک بڑا اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ وزارت خارجہ اور بیرون ملک پاکستان کی سفارتی سطح پر ملک کی بھر پور نمائندگی کریں گے، انہوں نے کہاکہ بحیثیت چیئرمین قائمہ کمیٹی دنیا میں پاکستان اور بلوچستان کی اہمیت کو اجاگرکرنے کیلئے اپنی بھر پور صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ بحیثیت چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے کم ترقی یافتہ علاقہ جات انہوں نے ملک کے پسماندہ اور کم ترقی یافتہ علاقوں کے مسائل، ترقیاتی منصوبوں اور ان کی ضروریات کو ترجیح دی تاکہ ان علاقوں کی محرومیوں کو دور کیا جا سکے، انہوں نے بتایا کہ کم ترقی یافتہ علاقوں میں تعلیم، صحت، بنیادی ڈھانچے، روزگار اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لے کر انہیں بہتر بنانے کے لیے کوشاں رہے۔ آغا شاہ زیب درانی نے ان کی بطور چیئرمین قائمہ کمیٹی نامزدگی پر وزیراعظم محمد شہباز شریف اور سینیٹ میں قائد ایوان نائب وزیراعظم ووزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی قیادت نے ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے وہ اس پر پورا اتریں گے۔
سینیٹر آغا شاہ زیب درانی کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امورکا چیئرمین مقررکردیا گیا

ٹیگز:
آغا شاہ زیب
